محمد حفیظ کی پس پردہ لابنگ کامیاب ٬پی سی بی کا ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ ٬ رسمی اعلان باقی

سلیکٹرز نے دبائو پر حفیظ کو ٹیم میں شامل کرنے کیلئے قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں کارکردگی کو جانچنے کا ڈرامہ رچایا٬ذرائع نوجوان اور باصلاحیت شرجیل خان اور شان مسعود کی شمولیت کے ٹیسٹ ٹیم میں امکانات تقریبا ختم ہوگئے

جمعرات 27 اکتوبر 2016 14:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء) انضمام الحق کی سر براہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نے اوپنرز کے سلیکشن پر پاکستان ٹیم کے اعلان میں ایک ہفتے کی تاخیر کی ۔ پس پردہ ہونے والی لابنگ کے بعد تجربہ کار اوپنر محمد حفیظ ایک بار آئوٹ ہونے کے بعد خاموشی سے ٹیم میں ان ہوگئے ہیں٬ صرف رسمی اعلان باقی رہ گیا ہے۔سلیکٹرز نے ٹیم انتظامیہ کے دبائو کے بعد انہیں ٹیم میں شامل کرنے کیلئے قائد اعظم ٹرافی کے ایک اور میچ کی کارکردگی کو جانچنے کا ڈرامہ رچایا ہے۔

اس طرح نوجوان اور باصلاحیت شرجیل خان اور شان مسعود کی شمولیت کے ٹیسٹ ٹیم میں امکانات تقریبا ختم ہوگئے ہیں۔انضمام الحق کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ کی دورہ نیوزی لینڈ میں واپسی متوقع ہے۔ نیوزی لینڈ اور آسڑیلیا کا دورہ مشکل ہوگا٬ اس لئے حفیظ سمیت سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اظہر علی پہلے نمبر3 پر زیادہ کامیاب نہیں تھے۔

بطور اوپنر خود کو اب ایڈجسٹ کرلیا ہے۔اوپنر یا نمبر3 کی پوزیشن میں زیادہ فرق نہیں٬ کھلاڑی کو حالات کے مطابق کارکردگی دینا پڑتی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ نے بھی حفیظ کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے۔حفیظ کو یہ پیغام ملا تو وہ مشکوک بولنگ ایکشن کو دوبارہ ٹیسٹ دینے کے لئے رضامند ہوگئے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ کو یقین ہے کہ نیوزی لینڈ جانے سے قبل حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر ہوسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا کہ ٹیم انتظامیہ نے نوجوان فخر زمان کو بھی شامل کرنے کی تجویز دی لیکن اس تجویز کو پذیرائی نہ مل سکی ہے۔
وقت اشاعت : 27/10/2016 - 14:52:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :