تاریخ کے وہ حادثے جنہوں نے دنیائے فٹبال کو تبدیل کر دیا

بدھ 30 نومبر 2016 12:34

تاریخ کے وہ حادثے جنہوں نے دنیائے فٹبال کو تبدیل کر دیا

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2016ء) کولمبیا میں ہونے والے طیارہ حادثہ میں 76 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس طیارے میں برازیل کی چیپکونس رئیل فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت 81 افراد سوار تھے۔ یہ حادثہ کیسے پیش آیا تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہیں۔ اس اندوہناک حادثے نے جہاں دنیا بھر کے میڈیا کی نظریں اپنی جانب مبذول کروا لی ہیں تو وہیں تلخ یادیں بھی تازہ کر دی ہیں۔

اب تک ہونے والے طیارہ حادثات میں مختلف ملکوں کی فٹبال ٹیموں کے ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ آیئے ماضی میں ہونے والے ان حادثات پر نظر ڈالتے ہیں۔ ایک حادثہ 6 فروری 1958ئ کو پیش آیا۔ برٹش یورپین ایئرویز کمپنی کا طیارہ مانچسٹر یونائٹیڈ ٹیم کو بلغراد سے واپس لے کر آرہا تھا کہ اس کا فیول ختم ہو گیا۔

(جاری ہے)

پائلٹ نے فیول کیلئے طیارے کو مغربی جرمنی کے شہر میونخ کے ایئرپورٹ پر اتارا۔

اس وقت شہر میں شدید برف باری ہو رہی تھی۔ ایندھن کی فراہمی کے بعد پائلٹ نے جیسے ہی طیارے کو ٹیک آف کرنے کی کوشش کی تو رن وے پر برف باری کی وجہ سے طیارہ ٹھیک وقت پر نہ اڑ سکا اور زمین پر گر گیا۔ طیارے میں مانچسٹر یونائٹیڈ ٹیم اور عملے کے ارکان سمیت 44 افراد سوار تھے جن میں سے 22 موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ جبکہ تین نے ہسپتال جا کر دم توڑا۔ یوں 23 ہلاکتوں کے ساتھ اس واقعے نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو ہلا کر رکھ دیا۔

ہلاک ہونے والوں میں جیف بینٹ، راجر بائرن، ایڈی کولمین، ڈنکن ایڈورڈز، مارک جونز، ڈیوڈ پیگ، ٹومی ٹیلر اور لایم ویلن جیسے کھلاڑی شامل تھے۔ البتہ بوبی چارلٹن بچنے والوں میں شامل رہے جبکہ مینیجر میٹ بسبی بھی بچ گئے۔زیمبین نیشنل ٹیم حادثہ اپریل 1993ئ کو پیش آیا اس طیارہ حادثہ میں زیمبیا کی قومی فٹبال ٹیم کے تمام کھلاڑی ہلاک ہو گئے تھے۔

ہلاک ہونے والوں میں 18 کھلاڑی اور 5 آفیشلز شامل تھے۔ یہ بدقسمت ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائر کیلئے ڈاکار جا رہی تھی جہاں اس کا سینیگال سے مقابلہ شیڈول تھا لیکن قدرت نے انھیں موقع نہ دیا اور طیارہ اٹلانٹک میں گر کر تباہ ہو گیا۔ تحقیقات کرنے والی ٹیم نے پائلٹ کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے غلط انجن کو بند کر دیا تھا جس کی وجہ سے اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

تحقیقات کے مطابق طیارے کا پائلٹ تھکن کا بھی شکار تھا جبکہ آلات کی خرابی بھی اس حادثے کی وجوہات قرار دی گئی۔ٹورینو فٹ بال ٹیم حادثہ 4 مئی 1949ئ کو پیش آیا، جب اٹلی کے کلب ٹورینو فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی لزبن میں بنفیکا کیخلاف ایک دوستانہ میچ کھیل کر واپس آرہے تھے۔ اس اندوہناک حادثے میں طیارے میں فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں، آفیشلز، صحافیوں اور عملے سمیت تمام افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حادثے کو فضائی تاریخ کا بدترین حادثہ شمار کیا جاتا ہے۔ اس حادثے نے اٹلی میں فٹ بال کے کھیل کی کمر توڑ کر رکھ دی تھی کیونکہ حادثے کا شکار ہونے والے بیشتر کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کیلئے چنا گیا تھا۔

وقت اشاعت : 30/11/2016 - 12:34:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :