ایف آئی ایچ کا پاکستان کو جونیئر ہاکی ورلڈکپ سے نکالنے کا فیصلہ مایوس کن ہے

گورننگ باڈی کا غیرمنصفانہ فیصلہ پاکستان ہاکی کیلئے سیٹ بیک ہے، پی ایچ ایف

جمعرات 1 دسمبر 2016 17:13

ایف آئی ایچ کا پاکستان کو جونیئر ہاکی ورلڈکپ سے نکالنے کا فیصلہ مایوس کن ہے
اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے پاکستان کو جونیئر ورلڈکپ سے نکالنے کے فیصلے پر سخت مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورننگ باڈی کے اس غیرمنصفانہ فیصلے سے ملکی ہاکی کئی برس پیچھے چلی گئی ہے۔ جونیئر ورلڈکپ 8 دسمبر سے بھارت میں شروع ہو گا اور ایف آئی ایچ کے فیصلے کے بعد پاکستان کی جگہ ملائیشیا کی ٹیم شرکت کرے گی۔

جمعرات کو پی ایچ ایف کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایف آئی ایچ کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کے سفری دستاویزات مقرر کردہ ڈیڈلائن تک جمع نہیں کرائے، گورننگ باڈی کے الزامات بے بنیاد ہیں فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے ویزوں کی درخواستیں متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ 24 اکتوبر کو جمع کرا دی تھیں، فیڈریشن نے حکومت کی طرف سے این او سی بھی بروقت حاصل کر لی تھی لیکن اس کے باوجود بھارت نے ہماری ٹیم کو ویزے جاری نہیں کئے۔

(جاری ہے)

ستم ظریفی یہ ہے کہ بھارت تین دنوں کے اندر ملائیشین ٹیم کو ویزے جاری کرنے کیلئے تیار ہے، پاکستان نے اس سے قبل بھارت میں منعقدہ ساف گیمز میں حصہ لیا تھا اور بھارت نے دو ہفتوں کے اندر ہماری ٹیم کو ویزے جاری کر دیئے تھے لیکن اس بار ایک ماہ کا وقت گزرنے کے باوجود اس نے ہماری جونیئر ٹیم کو ویزے جاری نہیں کئے۔ فیڈریشن دونوں ممالک کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے باوجود جونیئر ٹیم کو ورلڈکپ میں شرکت کیلئے بھیجنے پر تیار تھی، حتیٰ کہ فیڈریشن نے بھارت سے اضافی سیکیورٹی کا مطالبہ بھی نہیں کیا تھا لیکن ایف آئی ایچ کا یہ غیرمنصفانہ فیصلہ پاکستان ہاکی کیلئے سیٹ بیک ہے۔

ہمارے جونیئر کھلاڑیوں نے میگا ایونٹ کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی تھی، کھلاڑیوں نے اسی سلسلے میں یورپ کے دورے بھی کئے، ٹیم نے رواں برس ملائیشیا میں منعقدہ سلطان آف جوہر ہاکی کپ کا فائنل کھیل کر سب کو حیران کر دیا تھا اور شاید یہی بات بھارت کو ہضم نہیں ہوئی اور اس نے سازش سے پاکستان کو میگا ایونٹ سے باہر کر دیا۔
وقت اشاعت : 01/12/2016 - 17:13:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :