مکی آرتھر نے بابر اعظم کا موازنہ نوجوان ویرات کوہلی سے کردیا

جمعرات 1 دسمبر 2016 19:02

مکی آرتھر نے بابر اعظم کا موازنہ نوجوان ویرات کوہلی سے  کردیا

کیرنز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء) پاکستانی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے نوجوان بابر اعظم کو سراہتے ہوئے ان کا موازنہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے کرتے ہوئے کہا ہے کہ 22 سال کی عمر میں ویرات کوہلی بھی بالکل اسی طرح کھیلتے تھے۔آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے پہلے شیڈول واحد وارم اپ میچ سے قبل مکی آرتھر نے پرتھ میں مقامی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان بابر اعظم ایک بہترین کھلاڑی بن سکتا ہے اور میں یہاں تک کہہ سکتا ہوں کہ اس عمر میں وہ اتنے ہی اچھے ہیں جتنے ویرات کوہلی تھے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کے باوجود پاکستان نے دورہ آسٹریلیا کیلئے اپنا 16رکنی سکواڈ برقرار رکھا ہے ۔مکی آرتھر 2013ء میں آسٹریلیا کی کوچنگ چھوڑنے کے بعد پہلی مرتبہ کینگروز کا سامنا کریں گے۔آسٹریلیا کیخلاف برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کینز میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔برسبین کے بعد گرین شرٹس کے اگلے دو ٹیسٹ میچز میلبورن اور سڈنی میں شیڈول ہیں جس کے بعد دونوں ٹیمیں 5 ایک روزہ میچوں کیلئے مدمقابل ہوں گی۔

وقت اشاعت : 01/12/2016 - 19:02:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :