بنگلہ دیش پریمئر لیگ ، پاکستانی کرکٹرکی جانب سے ہوٹل میں لڑکی بلائے جانے کا انکشاف

جمعہ 2 دسمبر 2016 12:11

بنگلہ دیش پریمئر لیگ ، پاکستانی کرکٹرکی جانب سے ہوٹل میں لڑکی بلائے جانے کا انکشاف

ڈھاکہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار2دسمبر۔2016ء )بنگلہ دیش پریمئرلیگ ایک بارپھر سکینڈلز کی زد میں آچکی ہے ،ایونٹ میں مالی تنازعات کا معاملہ ابھی مکمل طورپر ختم ہی نہیں ہوا کہ خواتین مہمانوں کوکھلاڑیوں کی جانب سے ہوٹل کمروں میں بلانے کا تنازعہ کھڑا ہوگیاہے ۔گزشتہ دنوں لیگ کی جانب سے دومقامی انٹرنیشنل کرکٹرزالامین حسین اور صابررحمن پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے تھے جس کی وجہ انکی جانب سے خواتین مہمانوں کو ہوٹل کے کمرے میں بلاناتھی ۔

اطلاعات کے مطابق لیگ انتظامیہ کی جانب سے روکے جانے کے باوجود ایک پاکستانی کرکٹرنے ایک لڑکی کو ہوٹل میں بلایا جس کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ حرکت میں آگئی ۔جس کے بعد نہ صرف لڑکی کو ہوٹل کے کمرے سے باہر نکالاگیا بلکہ کھلاڑی کی سرزنش بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

بی پی ایل انتظامیہ نے پہلے ہی تنازعات سے بھری لیگ کونئے تنازعے میں الجھنے سے روکنے کیلئے معاملہ دبا دیا تاہم پاکستانی میڈیاتک ”خبر“ پہنچنے کے بعد اب یہ جاننے کی کوششیں ہو رہی ہیں کہ لڑکی کوہوٹل کے کمرے میں بلانے والا پاکستانی کرکٹرآخر کون ہے ؟۔

واضح رہے کہ بی پی ایل کے رواں سیزن میں پاکستانی کرکٹرزمیں عمراکمل راجشاہی کنگز،شاہد آفریدی،ناصر جمشیداورانور علی رنگپوررائیڈز، محمد نوازاوررومان رئیس باریسال بلز،شعیب ملک چٹاکانگ ویکنز،احمد شہزاد،عمادوسیم، خالد لطیف ،شاہ زیب حسن ،سہیل تنویر اوراشعرزیدی کومیلا وکٹورینز ،جنیدخان اور محمد اصغرکھلنا ٹائٹنزکی جانب سے کھیل رہے ہیں۔پاکستانی اورعالمی میڈیا اس” کھوج“میں لگاہوا ہے کہ کسی طرح لڑکی کو ہوٹل میں بلانے والے پاکستانی کرکٹرکا نام اور اس واقعے سے متعلق دیگر معلومات حاصل کی جاسکے تاہم ابھی تک کسی کو کامیابی نہیں مل سکی ۔

وقت اشاعت : 02/12/2016 - 12:11:37