ورلڈ سلور فلائی ویٹ چیمپین شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنیوالے پاکستانی باکسر محمد وسیم کی سنی گئی

وفاقی حکومت نے محمد وسیم کی ٹریننگ اور انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کیلئے 3کروڑ روپے کی گرانٹ مختص کر دی

جمعہ 2 دسمبر 2016 14:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) ورلڈ سلور فلائی ویٹ چیمپین شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنیوالے پاکستانی باکسر محمد وسیم کی بھی سنی گئی ، وفاقی حکومت نے محمد وسیم کی ٹریننگ اور انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کیلئے 3کروڑ روپے کی گرانٹ مختص کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی باکسر نے انٹرنیشنل ایونٹس کی تیاری کیلئے وفاقی حکومت سے مالی مدد کرنے کی درخواست کی تھی جسے وزارت بین الصوبائی رابطہ نے منظوری کیلئے وزیر اعظم آفس کو بھجوا دیا جس کا جائزہ لینے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستانی باکسر کے ٹریننگ پروگرام کیلئے 3کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری دی اور اس حوالے سے بین الصوبائی رابطہ اور اطلاعا ت و نشریات کے وزراء پر مشتمل دو وزراء کی کمیٹی بھی بنا دی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرانے تصدیق کی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے باکسر محمد وسیم کیلئے 3کروڑ روپے کے خصوصی فنڈز مختص کر دیئے گئے ہیں جو ان کے انٹرنیشنل ٹریننگ پروگرامز اور ایونٹس کی تیاریوں پر خرچ کئے جائینگے۔ انہوں نے کہاکہ محمد وسیم کو پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائے گی اور محمد وسیم کیساتھ ملکر ٹرئیننگ و ٹور پلان تیار کیا جائیگا۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی باکسر مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرئے گا
وقت اشاعت : 02/12/2016 - 14:46:24