انگلینڈ نے آئندہ برس ایشز سیریز میں پہلی بار ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی، سی اے حکام

جمعہ 2 دسمبر 2016 16:10

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) انگلینڈ نے آئندہ برس آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ایشز سیریز میں پہلی بار ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا (سی ای) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ای سی بی نے آئندہ سال کھیلی جانے والی ایشز سیریز میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر حامی بھر لی ہے تاہم اس کی طرف سے باضابطہ اعلان کے بعد ہی ہم شیڈول کا اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

سی اے حکام کا کہنا ہے کہ ہم آئندہ سال انٹرنیشنل شیڈول کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور ابتدائی شیڈول کے تحت برسبین انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈے اینڈ ٹیسٹ ہوا تو وہ ایڈیلیڈ کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم اب تک دو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیل چکی ہے اور اس نے دونوں میں فتوحات اپنے نام کیں، کینگروز ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ اور اس کے بعد جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔
وقت اشاعت : 02/12/2016 - 16:10:52