سیریز کھیلنے سے انکار ، شہریار خان کا بھارت کیخلاف آئی سی سی میں جانے کا اعلان

جمعہ 2 دسمبر 2016 16:19

سیریز کھیلنے سے انکار ، شہریار خان کا بھارت کیخلاف آئی سی سی میں جانے کا اعلان

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار2دسمبر۔2016ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان نے بھارت کیخلاف آئی سی سی میں جانے کا اعلان کر دیا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ بگ 3 پر اسی وعدے پر دستخط کئے تھے کہ بھارت 8 سال میں6 سیریز کھیلے گا لیکن 2 سال سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی سیریز نہیں ہو رہی، ہم یہ معاہدہ آئی سی سی میں لے کر جائیں گے کیونکہ بھارت کا اثر و رسوخ ہونے کے باوجود وہاں ہماری بھی تھوڑی بہت شنوائی ہو تی ہے، ہم بھارت کیساتھ کھیلنے کو تیار ہیں لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت کی جانب سے اجازت نہیں مل رہی،ہم نے جب بھارت کیساتھ خواتین ٹیموں کے میچوں کا معاملہ آئی سی سی میں اٹھایا تو بھی بھارتی بورڈ نے یہی موقف اپنایا کہ ان کی حکومت اجازت نہیں دے رہی جس پر آئی سی سی نے اچھا اقدام اٹھاتے ہوئے بھارتی عہدیداروں سے کہا کہ وہ حکومت سے اجازت کیلئے لکھا خط اور بھارتی حکومت کا جوابی خط دینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتائیں کہ کن بنیادوں پر انکار کیا گیا ہے اور اس کیساتھ ہی ہمیں 6 پوائنٹس بھی دیدئیے گئے ۔

(جاری ہے)

مصباح الحق کے بارے میں سوال کے جواب میں شہریار خان نے کہا کہ مصباح جب یہاں آئے تھے تو ان کے ساتھ بہت سے ایشوز پر بات ہوئی تھی ، انہیں کم از کم ایک سال کپتانی کا کہنا ہے کیونکہ ان کی موجودگی سے نئے لڑکوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔شہریار خان کا مزید کہنا تھا کہ ڈھاکہ میں مداحوں کا کھلاڑیوں کے کمروں میں چلے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے البتہ کسی پاکستانی کھلاڑی کی جانب سے ڈسپلن توڑنے کی اطلاع نہیں ملی، ابھی یہ معاملہ چل رہا ہے دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے ۔

وقت اشاعت : 02/12/2016 - 16:19:50