روٹ نے کپتان کک کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا

کک کئی سالوں سے عمدہ طریقے سے قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں ،وہ ایک بہترین قائد ہیں ، زیر قیادت کھیلتے ہوئے بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں، روٹ

جمعہ 2 دسمبر 2016 16:33

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء)نوجوان انگلش بلے باز جو روٹ نے دورہ ہندوستان میں انگلش ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باوجود انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک کو 'بہترین قائد' قرار دیتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے۔جو روٹ کو ایلسٹر کک کا ممکنہ جانشین قرار دیا جاتا ہے تاہم انہوں نے ٹیم کی قیادت سنبھالنے کی تمام تر رپورٹس کو یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ وہ ٹیم میں اپنے کردار سے خوش ہیں۔

(جاری ہے)

کک کے مستقبل پر اس وقت سوالیہ نشان لگ گیا تھا جب دورہ ہندوستان سے چند دن قبل انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ شاید پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد وہ ٹیم کی قیادت چھوڑ دیں اور ان کیلئے طویل عرصے تک اپنی ٹیم سے دور رہنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔25 سالہ روٹ نے کہا کہ میرے خیال میں کک کئی سالوں سے عمدہ طریقے سے قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور وہ ایسا اس لیے کرنے میں کامیاب رہے کیونکہ وہ ایک بہترین قائد ہیں اور میں ان کی زیر قیادت کھیلتے ہوئے بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں۔مڈل آرڈر بلے باز نے کہا کہ میں ٹیم میں جر کردار ادا کر رہا ہوں اس پر بہت خوش ہوں اور سچ یہ ہے کہ وہ اس منصب کیلئے سب سے بہترین شخص ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ بقیہ دو ٹیسٹ میچوں میں ہم مطلوبہ نتائج اصل کر سکیں گے۔۔
وقت اشاعت : 02/12/2016 - 16:33:34