وارنر کی شاندار سنچری اور مارش کی دھواں دار اننگز، کینگروز نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ون ڈے میں با آسانی 116 رنز سے ہرا کر چیپل ہیڈلی ٹرافی 2-0 سے جیت لی، کیویز ٹیم 378 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 262 پر آئوٹ، ولیمسن اور نیشم کی نصف سنچریاں ناکافی ثابت، وارنر 119 رنز بنا کر نمایاں، مچل مارش کے 40 گیندوں پر 7 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 76 رنز، سمتھ 72 اور ٹریوس ہیڈ 57 رنز بنا کر آئوٹ، وارنر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

منگل 6 دسمبر 2016 16:53

کینبرا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری اور مچل مارش کی دھواں دار اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 116 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر چیپل ہیڈلی ٹرافی میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، کینگروز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 378 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، وارنر 119 رنز بنا کر نمایاں رہے، مچل مارش نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کیویز بائولرز کی خوب دھنائی کی، انہوں نے 40 گیندوں پر 7 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 76 رنز بنائے، جواب میں کیویز ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 47.2 اوورز میں 262 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کپتان کیسن ولیمسن کی 81 اور جیمز نیشم کی 74 رنز کی اننگز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔

(جاری ہے)

وارنر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ منگل کو کینبرا میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں کیویز قائد کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، کینگروز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 378 رنز بنائے، وارنر اور فنچ نے ٹیم کو 68 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، فنچ 19 رنز بنا کر مچل سینٹنر کی گیند پر بولڈ ہوئے، اس کے بعد وارنر نے کپتان سمتھ کے ساتھ مل کر عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور دوسری وکٹ میں 145 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 213 تک پہنچا دیا، یہاں پر وارنر 119 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد گرانڈہوم کی گیند کا نشانہ بنے، سمتھ 72 رنز بنا کر سائوتھی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر مچل مارش نے ٹریوس ہیڈ کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے سکور 319 تک پہنچا دیا، یہاں پر ہیڈ 57 رنز بنا کر سائوتھی کی گیند کا شکار بنے، مارش نے جارحانہ انداز کو جاری رکھا اور انہوں نے میتھیوویڈ کے ساتھ مل کر سکور 357 تک پہنچا دیا، ویڈ 11 رنز بنا کر ان کا ساتھ چھوڑ گئے لیکن مارش کے غصے میں کمی نہ آئی اور انہوں نے ڈٹ کر کیویز بائولرز کی دھنائی کی، انہوں نے 40 گیندوں پر 7 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 378 تک پہنچا دیا، ٹم سائوتھی نے 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ، مچل سینٹنر اور گرانڈہوم نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں کیویز ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 48 ویں اوور کی دوسری گیند پر 262 رنز پر بنا کر آئوٹ ہو گئی، کپتان کین ولیمسن اور جیمز نیشم کے سوا کیویز کا کوئی بھی بلے باز کینگروز بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، ولیمسن 81 اور جیمز نیشم 74 رنز بنا کر نمایاں رہے، مارٹن گپٹل 45، ٹام لیتھم 4، کولن منرو 11، کولن ڈی گرانڈہوم 12، مچل سینٹنر اور ٹم سائوتھی 2، 2، میٹ ہنری 7 اور بی جے واٹلنگ 17 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، پیٹ کمنز نے 4، مچل سٹارک، جوش ہیزلووڈ اور جیمز فالکنر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 06/12/2016 - 16:53:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :