پی او اے کی جونیئر ورلڈ ہاکی ورلڈکپ سے قومی ٹیم کے اخراج پر پی ایچ ایف کو جامع کیس تیار کرنے کی ہدایت

ایف آئی ایچ نے شنوائی نہ کی تو ہم آئی او سی میں اس مسئلے کو اٹھائیں گے، خالد محمود

منگل 6 دسمبر 2016 22:13

پی او اے کی جونیئر ورلڈ ہاکی ورلڈکپ سے قومی ٹیم کے اخراج پر پی ایچ ایف کو جامع کیس تیار کرنے کی ہدایت
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او ای) نے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ سے قومی ٹیم کے اخراج کے حوالے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو جامع کیس تیار کر کے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی او اے، پی ایچ ایف آواز بن کر ہر فورم پر کیس کی پیروی کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہے، اگر ایف آئی ایچ نے مناسب طریقے سے شنوائی نہ کی تو ہم اس کیس کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) میں اٹھائیں گے۔

ایف آئی ایچ نے پاکستانی جونیئر ٹیم کو ورلڈکپ سے نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ایچ ایف نے بروقت ویزوں کی درخواستیں جمع نہیں کرائی تھیں لیکن پی ایچ ایف نے ایف آئی ایچ کے الزام کو مسترد کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

منگل کو پی او اے کے سیکرٹری جنرل خالد محمود نی ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہمیں قومی ٹیم کے ورلڈکپ سے اخراج پر سخت مایوسی ہوئی اسلئے ہم آئی او سی سمیت ہر فورم پر اس معاملے کو اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں نے میگا ایونٹ کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی تھی اور جس طریقے سے ٹیم کو ورلڈکپ سے نکالا گیا وہ ان کیلئے سیٹ بیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پی ایچ ایف کی آواز بن کر قوانین کے مطابق ہر فورم پر اس مسئلے کو اٹھانے کیلئے تیار ہیں، اگر ایف آئی ایچ نے مناسب طریقے سے بات نہ سنی تو ہم اس مسئلے کو آئی او سی میں لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی او اے آئندہ ماہ شیڈول اپنے جنرل کونسل اجلاس میں قومی ٹیم کے ورلڈکپ سے اخراج کو ایجنڈے کے طور پر رکھے گی اور اس پر مزید بحث کریں گے۔
وقت اشاعت : 06/12/2016 - 22:13:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :