پہلی نیشنل ایشین سٹائل ویمن کبڈی چیمپئن شپ 14 دسمبر سے شروع ہوگی

ملک میں کھیلوں کی ترقی میں تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، رانا سرور

بدھ 7 دسمبر 2016 11:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیراہتمام اور پاکستان واپڈا سپورٹس بورڈ کے تعاون سے پہلی نیشنل ایشین سٹائل ویمن کبڈی چیمپئن شپ 14 دسمبر سے واپڈا سپورٹس کمپلیکس، لاہور میں شروع ہوگی۔ ملک میں کھیلوں کی ترقی میں تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئن شپ میں7 ٹیمیں شرکت کریں گی جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، ان ٹیموں میں پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، اسلام آباد، پاکستان واپڈا، ہائرایجوکیشن کمیشن اور پاکستان آرمی شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے کھلاڑی 13 دسمبر کو لاہور پہنچیں گی اور اسی روز منیجرز میٹنگ میں ڈراز کا اعلان کیاجائے گا اور ٹورنامنٹ کا فائنل 16 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

رانا سرور نے بتایا کہ خواتین کبڈی ٹورنامنٹس کا مختلف سطح پر ہوتا رہا ہے لیکن خواتین کی نیشنل چیمپئن شپ پہلی بار منعقد ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کبڈی ہمارا ثقافتی کھیل ہے اور اس چیمپئن شپ کا مقصد خواتین کبڈی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نیا ٹیلنٹ بھی تلاش کر نا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کے دوران اچھی کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا اور بعد ان کھلاڑیوں کو تربیت دینے کیلئے تربیتی کیمپ بھی لگا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب ٹیم انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریگی۔ پاکستانی کبڈی ٹیم انٹرنیشنل سطح کبڈی ٹورنامنٹس میں شرکت کر چکی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ خواتین کھلاڑیوں کو بھی مزید انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کھیلنے کے مواقع فراہم کریں اور زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے تاکہ پاکستان ویمن کبڈی ٹیم بھی مضبوط بن سکے اور جو بھی باصلاحیت کھلاڑی ہیں انہیں مستقبل کیلئے تیار کیا جاسکے۔

ایک سوال کے جواب میں رانا سرور نے کہا کہ کوئی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتے۔ تعلیمی اداروں کا کھیلوں کی ترقی کے لئے ایک بڑا اہم کردار ہوتا ہے جو کہ تعلیمی اداروں میں کبڈی کے مقابلے نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن گراس روٹ کی سطح کبڈی کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کر رہی ہے اور اس وقت پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کبڈی کے جونیئر کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری ہے جس ملک بھر سے 25 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں اور ان کھلاڑیوں کو قومی کوچ بادشاہ گل جدید اور اعلیٰ تربیت دے رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 07/12/2016 - 11:49:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :