بھارتی کھلاڑی پارتھیو پٹیل چوتھا ٹیسٹ بھی کھیلیں گے

آج شروع ہونے والے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹسٹ میں پارتھیو پٹیل ہی وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری نبھائیں گے

بدھ 7 دسمبر 2016 13:27

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2016ء) ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے مستقل وکٹ کیپر وردھمان ساہا ہنوز اپنے انجری سے صحتیاب نہیں ہوپائے ہیں لہذا ممبئی میں آج شروع ہونے والے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹسٹ میں پارتھیو پٹیل ہی وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ موہالی میں منعقدہ تیسرے ٹسٹ میں جب ساہا زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہوئے تھے تو پارتھیو کو 8 سال بعد ٹیم میں دوبارہ طلب کیا گیا تھا جہاں انھوں نے 42 اور 67 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے متاثرکن مظاہرہ کیا ہے۔

بی سی سی آئی کے سکریٹری اجئے شرکے نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پارتھیو چوتھے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کے قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل رہیں گے۔ ساہا جوکہ وشاکھاپٹنم میں منعقدہ دوسرے ٹسٹ میں زخمی ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

انھیں چوتھے ٹسٹ کیلئے بھی آرام دیدیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے کہا ہے کہ ساہا ہنوز اپنے بائیں پیر کی تکلیف سے صحیتیاب نہیں ہوپائے ہیں لہذا احتیاطی تدابیر کے طورپر انھیں آرام دیتے ہوئے پارتھیو کو ہی وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

یاد رہے انگلینڈ کے خلاف رواں پانچ ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں ہندوستانی ٹیم دوسرے ٹسٹ میں 246 رنز اور تیسرے ٹسٹ میں آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2-0 کی سبقت بنالی ہے اور رواں ہفتے ممبئی میں چوتھے ٹسٹ کا آغاز ہورہا ہے۔۔
وقت اشاعت : 07/12/2016 - 13:27:09