چوتھا ٹیسٹ :عمدہ آغاز بعد انگلش بیٹنگ لڑکھڑا گئی،288پر 5کھلاڑی آئوٹ

جمعرات 8 دسمبر 2016 21:33

چوتھا ٹیسٹ :عمدہ آغاز بعد انگلش بیٹنگ لڑکھڑا گئی،288پر 5کھلاڑی آئوٹ

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2016ء) انگلینڈ کی ٹیم ہندوستان کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں جسٹسن جیننگز کی سنچری اور عمدہ آغاز کا فائدہ نہ اٹھا سکی اور 288 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا بیٹھی۔ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا درست فیصلہ کیا۔

انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں اسٹورٹ براڈ اور حسیب حمید کی جگہ جیک بال اور کیٹن جیننگز کو فائنل الیون کا حصہ بنایا جبکہ ہندوستان کی جانب سے اجنکیا راہانے اور محمد شامی میچ میں شرکت نہیں کر سکے۔کٴْک نے اپنے نئیر پارٹنر اور پہلا میچ کھیلنے والے جیننگز کے ساتھ 99 رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا، ٹیم کی سنچری سے ایک رن پہلے انگلش کپتان 46 رنز بنانے کے بعد رویندرا جدیجا کی وکٹ بنے۔

(جاری ہے)

جو روٹ اس مرتبہ لمبی باری نہ کھیل سکے اور 21 رنز بنانے کے بعد روی چندرہ ایشون کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔136 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے عبد معین علی نوجوان بلے باز کا ساتھ نبھانے وکٹ پر پہنچے اور 94 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔اس دوران نوجوان بلے باز نے ڈیبیو پر سنچری مکمل کی اور پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری کرنے والے 19ویں انگلش بلے باز بنے۔

اس دوران فیلڈر کی تھرو امپائر پال رائفل کے سر پر لگنے کا واقعہ بھی پیش آیا جس کے سبب انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔انگلینڈ نے ایک موقع پر دو وکٹ کے نقصان پر 230 رنز بنائے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ اچھے مجموعے کے ساتھ دن کا اختتام کر کے اپنی پوزیشن مستحکم کر لیں گے لیکن ایشون نے مہمان ٹیم کے عزائم خاک میں ملا دیے۔اسپنر نے 230 کے مجموعے پر پہلے 50 رنز بنانے والے معین اور 112 رنز بنانے والے جیننگز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

جونی بیئر اسٹو اور بین اسٹوکس نے اسکور 249 تک پہنچایا ہی تھا کہ آف اسپنر نے وکٹ کیپر بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اس کے بعد جوز بٹلر نے اسٹوکس کے ساتھ مل کر دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے گی اور جب دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے پانچ وکٹ کے نقصان پر 288 رنز بنائے تھے۔ہندوستان کی جانب سے ایشون نے چار اور جدیجا نے ایک وکٹ لی۔یاد رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ہندوستان کو 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

وقت اشاعت : 08/12/2016 - 21:33:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :