آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں عامر ہمارا ”ٹرمپ کارڈ “ ہونگے :یونس خان

جمعہ 9 دسمبر 2016 12:17

آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں عامر ہمارا ”ٹرمپ کارڈ “ ہونگے :یونس خان

کینز(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار9دسمبر۔2016ء )قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو گرین شرٹس کا ” ٹرمپ کارڈ“ قرار دے دیا ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ آسٹریلیا الیون کے باؤ لرز نے اپنی کنڈیشنز کے مطابق بہترین باؤلنگ کی لیکن ہمارے بلے باز وں نے قیمتی وقت کریز پر گزارا ،نیوزی لینڈ سیریز سے قبل پریکٹس میچ بارش کے نذر ہونے کے باعث تیاری کا موقع نہیں ملا تھا لیکن یہاں نیٹ پریکٹس میں حکمت عملی تیار کرنے کا وقت بھی مل گیا ۔

یونس خان کا مزید کہنا تھا کہ ٹور میچ کے پہلے دن ہمارے فاسٹ باؤلرز نے میزبان ٹیم کے4 ناتجربہ کار بیٹسمینوں کو پویلین بھیج دیا،ٹیسٹ سیریز سے پہلے محمد عامر کا ردھم میں آنا خوش آئند ہے کیوں کہ آسٹریلوی کنڈیشنز میں سیم اور سوئنگ بہت مئوثر ہتھیار ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ برسبین میں شیڈول ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں رات کے وقت کنڈیشنز محمد عامر کیلئے زیادہ سازگار ہونگی۔

وقت اشاعت : 09/12/2016 - 12:17:40