انگلش ٹیم چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 400 رنز بنا کر آئوٹ، بھارت نے ایک وکٹ پر 146 رنز بنا لئے، میزبان ٹیم کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 254 رنز درکار، مرلی وجے 70 اور پوجارا 47 رنز بنا کر ناقابل شکست، جوز بٹلر 76 رنز بنا کر نمایاں، ایشون کی 6 وکٹیں

جمعہ 9 دسمبر 2016 17:45

انگلش ٹیم چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 400 رنز بنا کر آئوٹ، بھارت نے ایک وکٹ پر 146 رنز بنا لئے، میزبان ٹیم کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 254 رنز درکار، مرلی وجے 70 اور پوجارا 47 رنز بنا کر ناقابل شکست، جوز بٹلر 76 رنز بنا کر نمایاں، ایشون کی 6 وکٹیں
ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) بھارت نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 146 رنز بنا لئے، میزبان ٹیم کو مہمان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 254 رنز کی ضرورت ہے اور ابھی اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں، مرلی وجے اور چیتشور پوجارا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 107 قیمتی رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دیا، وجے 70 اور پوجارا 47 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، قبل ازیں انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 400 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی تھی، جوز بٹلر نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، ایشون نے 6 اور جدیجہ نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ممبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلش ٹیم نے 288 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو بین سٹوکس 25 اور جوز بٹلر 18 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے تیسرے ہی اوور میں ایشون نے سٹوکس کو آئوٹ کر کے ٹیم کو چھٹی کامیابی دلائی، سٹوکس 31 رنز بنا کر چلتے بنے، عادل رشید 11 رنز بنا کر روندرا جدیجہ کا شکار بنے، 334 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد جیک بال نے بٹلر کا ساتھ دیا، دونوں نے نویں وکٹ میں 54 اہم رنز جوڑ کر سکور 388 تک پہنچا دیا، یہاں پر ایشون نے جیک بال کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنر شپ توڑ ڈالی، جیک بال نے 31 رنز بنائے، 400 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی آخری وکٹ گری جب بٹلر 76 رنز بنانے کے بعد جدیجہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے، ایشون بھارت کے کامیاب ترین بائولر رہے جنہوں نے 6 وکٹیں لیں جبکہ جدیجہ نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں بھارتی ٹیم نے جب پہلی اننگز شروع کی تو لوکیش راہول اور مرلی وجے ٹیم کو 39 رنز کا آغاز فراہم کر سکے، راہول 24 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے، اس موقع پر وجے اور پوجارا نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر انگلش بائولرز کا مقابلہ کیا مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ میں 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، اسطرح دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے ایک وکٹ پر 146 رنز بنا لئے تھے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 254 رنز درکار ہیں اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں، وجے 70 اور پوجارا 47 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔ معین علی نے ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 09/12/2016 - 17:45:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :