5ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کا حامل پہلا سرینہ ہوٹلز ایشین ٹینس ٹور کا آغاز

کوالیفائنگ راونڈ14دسمبر اور مین راونڈ15دسمبر سے کھیلے جائینگے جبکہ ایونٹ کا فائنل 18دسمبر کو ہوگا صدر ٹینس فیڈریشن کا ایران کی جانب سے ڈیوس کپ ایشیا اوشنیا کا ایونٹ پاکستان میں نہ کھیلنے کی درخواست پر مایوسی کا اظہار امید ہے کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن ایران کی درخواست کو مسترد کر دے گا، اسلام آباد جنوبی ایشیائی ممالک میں محفوظ ترین شہر ہے، سلیم سیف اللہ ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں بھجوا سکیں، پریس کانفرنس

ہفتہ 10 دسمبر 2016 12:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2016ء) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام 5ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کا حامل پہلا سرینہ ہوٹلز ایشین ٹینس ٹور کا آغاز 12دسمبر سے اسلام آباد میں ہو گا جبکہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ نے ایران کی جانب سے ڈیوس کپ ایشیا اوشنیا کا ایونٹ پاکستان میں نہ کھیلنے کی درخواست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ امید ہے کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن ایران کی درخواست کو مسترد کر دے گا، اسلام آباد جنوبی ایشیائی ممالک میں محفوظ ترین شہر ہے، حکومت کی جانب سے ملنی والی گرانٹ کو سرمایہ کاری کیلئے مختص کرینگے ۔

جمعہ کو پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد خالد رحمانی اورسرینہ ہوٹلز کے ڈائریکٹر سپورٹس ڈپلومیسی شہریارخان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلیم سیف اللہ نے سرینہ ہوٹلز کی کھیلوں کے حوالے سے بہت خدمات کو سراہا اور کہاکہ ہمیں اسی طرح کے سپانسرز ملیں تو ہم ٹینس کے کھیل کو ترقی کی راہ پر ڈال دینگے،ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں بھجوا سکیں،رواں سال پی ٹی ایف دو ٹورنامنٹس منعقد کروا چکا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بھارت اور ازبک کھلاڑیوں نے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کی اطلاع دی ہے تاہم انہوں نے ابھی تک ویزے کیلئے اپلائی نہیں کیا ۔سلیم سیف اللہ خان نے بتایا کہ 12سال کے بعد ڈیوس کپ ٹائی پاکستان میں ہونے جا رہی ہے تاہم ایران کی طرف سے پاکستان میں نہ کھیلنے کے حوالے سے اپیل پر دکھ ہوا ہے ،ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے ،ان کے کھلاڑیوں کو پاکستان میں آکر کھیلنا چاہیئے ،اسلام آباد جنوبی ایشیاء کے محفوظ ترین شہروں میں سے ایک شہر ہے ،مجھے پورا یقین ہے کہ ڈیوس کپ ٹائی اسلام آباد ہی میں ہو گا اور آئی ٹی ایف ایک دو دن میں اسکے متعلق فیصلہ کردیگی۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد کی ڈویلپمنٹ کرنے جا رہے ہیں جس کیلئے حکومت کی طرف سے 5کروڑ کی ملنے والی گرانٹ کو سرمایہ کاری کیلئے مختص کرینگے تاکہ اس سے منافع ملتا رہے ۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سرینہ ہوٹلز ایشین ٹینس ٹور میں کوالیفائنگ راونڈ14دسمبر اور مین راونڈ15دسمبر سے کھیلے جائینگے جبکہ ایونٹ کا فائنل 18دسمبر کو ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں مینز سنگلز، لیڈیز سنگلز، جونیئر انڈر۔18، بوائیز انڈر۔14، بوائیز انڈر۔10، سینئرز ڈبلز اور سینئر ڈبلز 60پلس کے ایونٹس ہونگے ۔۔
وقت اشاعت : 10/12/2016 - 12:31:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :