بی پی ایل میں شاندار کامیابی کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز میں دوبارہ ٹیم میں جگہ بنانا ہدف ہے، جنیدخان

ہفتہ 10 دسمبر 2016 20:24

بی پی ایل میں شاندار کامیابی کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز میں دوبارہ ٹیم میں جگہ بنانا ہدف ہے، جنیدخان

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) قومی ٹیم کے لیفٹ آرم فاسٹ بائولر جنیدخان نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں شاندار کامیابی کے بعد قومی ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے پر نظریں مرکوز کر لی ہیں، مکمل طور پر فٹ اور فارم میں ہوں، اگر موقع دیا گیا تو سلیکٹرز کو مایوس نہیں کروں گا۔ جنیدخان بی پی ایل میں 20 وکٹیں لیکر دوسرے کامیاب بائولر رہے تھے، وہ ایونٹ میں کھلنا ٹائٹنز کی نمائندگی کر رہے تھے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں ٹیم میں کم بیک کرنے کیلئے بے تاب ہوں، اسلئے بی پی ایل کی طرح قومی ون ڈے کپ میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا تاکہ سلیکٹرز کی توجہ حاصل کر سکوں۔ جنیدخان نے آخری بار جون 2015ء میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ملک کی نمائندگی کی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز میں دوبارہ ٹیم میں جگہ بنانا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے سخت محنت کروں گا۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر قومی ون ڈے کپ کے دوران بھی میں کامیاب بائولر ثابت ہوا تو مجھے پورا یقین ہے کہ سلیکٹرز مجھے دوبارہ ملک کی نمائندگی کا موقع دیں گے، موقع دیا گیا تو اپنی پرفارمنس کے ذریعے سلیکشن کو درست ثابت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کیلئے قومی سکواڈ سے ڈراپ ہونا میرے لئے تکلیف دہ اور مشکل لمحہ تھا لیکن فیملی اور دوستوں نے بہت سپورٹ کیا جس کے بعد میں نے دوبارہ اپنی کارکردگی پر توجہ دی اور بی پی ایل میں کامیابی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وقت اشاعت : 10/12/2016 - 20:24:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :