مصباح الحق نے آئی سی سی اسپرٹ ایوراڈ جیت لیا ، ماریس ایرسموس ایمپائر آف دی ائیر قرار

ٹیسٹ میس کے بعد یہ اعزاز میرے کیرئیر کا بہترین حصہ ہے ،اسپورٹس مین اگراپنی فٹنس لیول کو برقرار رکھے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق پرفارم کرتا رہے تو عمر اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی،بطور ٹیم ہم نے مثبت روایات اور سوچ کے ساتھ کھیل پر توجہ دی تاکہ تماشائیوں اور پرستاروں کو دلچسپ کھیل دیکھنے کا موقع فراہم کرسکیں ،خوش ہوں کہ آئی سی سی نے میری کارکردگی کو دیکھا اور پہچانا،مصباح الحق

جمعرات 22 دسمبر 2016 13:57

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)نے سال2016 کیلئے کرکٹ ایوارڈز کا اعلان کر دیا، جس میںقومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ دیا گیا۔ اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ ہر سال کھیل میں بہترین کارکردگی کے ساتھ مخالف ٹیم کے ساتھ بہترین برتا، اپنی ٹیم میں اچھا کردار، منصفین کے ساتھ رویہ اور کھیل کے روایتی اقدار کو برقرار رکھنے پر دیا جاتا ہے۔

مصباح پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جو اس اعزاز کو اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے اس سے قبل 2015میں اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ نیوزی لینڈ کے برینڈن مکلم کو دیا گیا تھا۔کامیابی پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ اسے اعزاز سمجھتے ہیں اور شکرگزار ہیں کہ ایوارڈ کو جیتنے میں کامیاب ہوئے، سال کے آغاز میں ٹیسٹ میس کو اٹھانا اور اب یہ اعزاز میرے کیرئیر کا بہترین حصہ ہے اور ہر اتھلیٹ کے لیے پیغام ہے کہ اگر اسپورٹس مین اپنی فٹنس لیول کو برقرار رکھے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق پرفارم کرتا رہے تو عمر اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیسٹ کپتان کا مزید کہنا تھا کہ بطور ٹیم ہم نے مثبت روایات اور سوچ کے ساتھ کھیل پر توجہ دی تاکہ تماشائیوں اور پرستاروں کو دلچسپ کھیل دیکھنے کا موقع فراہم کرسکیں، اور ساتھ ہی اپنے حریفوں کو بھی چیلنج دیے رکھا۔مصباح نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی اس کارکردگی کو آئی سی سی نے کو دیکھا اور پہچانا۔واضح رہے کہ آئی سی سی اسپرٹ ایوارڈ گزشتہ سالوں میں مہندرا سنگھ دھونی ، ڈینئل ویٹوری، مہیلا جے وردھنے اور برینڈن میک کلم کو بھی مل چکا ہے جب کہ مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹیم نے رواں برس ہی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

آئی سی سی کی جانب سے ایمپائر آف دی ائیر ماریس ایرسموس کو قرار دیا گیا۔ماریس ایرسموس کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے جبکہ 52 سالہ ایمپائر فرسٹ کلاس کرکٹر بھی رہ چکے ہیں۔گزشتہ تین سال سے ایمپائر آف دی ائر کا ایوارڈ انگلینڈ کے 43 سالہ رچرڈ ایلن کو ملتا رہا ہے۔
وقت اشاعت : 22/12/2016 - 13:57:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :