آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں بھارتی کھلاڑیوں کو نوازے جانے کاانکشاف

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 25 دسمبر 2016 22:43

آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں بھارتی کھلاڑیوں کو نوازے جانے کاانکشاف

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 دسمبر2016ء) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں بھارتی کھلاڑیوں کو نوازے جانے کاانکشاف ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے ایک روزہ میچوں کیلئے اعلان کردہ ٹیم میں معاملہ گڑبڑ نظر آتا ہے ، اعدادوشمار سے واضح ہے کہ کارکردگی کے بجائے محض بڑے نام ہونے کی بنا ء پر کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے ۔

باؤلنگ لائن اپ کی بات کریں تو سب سے بڑا سوالیہ نشان ایوارڈ یافتہ کرکٹر روی چندرن ایشون کے انتخاب پر لگتا ہے ، جنہوں نے پورے سال میں محض 3 ایک روزہ میچ کھیل کر اتنی ہی وکٹیں حاصل کیں، ایک اور بڑا نام روندرا جدیجا کا ہے جنہوں نے اس دوران محض 5 ایک روزہ میچ کھیل کر 45 رنز بنائے جبکہ صرف 3وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کے پاکستانی نژاد لیگ سپنر عمران طاہر اس عرصے کے دوران 16 میچوں میں 28 وکٹیں لے کر سال کے سب سے بہترین سپنر رہے تاہم اس کے باوجود انہیں 12واں کھلاڑی بنایا گیا۔

روندرا جدیجا کی جگہ سب سے بہترین متبادل پاکستانی آل راؤنڈر عماد وسیم نظر آتے ہیں جنہوں نے اس عرصے میں صرف 8میچ کھیلے اور 215 رنز بنانے کیساتھ ساتھ 13 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ویسے تو آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ان ٹیموں کی عملی طور پر تو کوئی حیثیت نہیں لیکن اس کے قیام کا اصل مقصد مقررہ دورانیے میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو سراہنا اور حوصلہ افزائی کرنا ہے تاہم ایسا نہ کرکے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی کر رہی ہے ۔

بگ تھری کے قیام کے بعد سے آئی سی سی گورننگ باڈی کے فیصلے پہلے سے ہی مشکوک ہو چکے ہیں ، اب رہی سہی کسر ان ایوارڈز میں کھلاڑیوں کو ”نواز“ کر پوری کی جا رہی ہے ، کرکٹ کی گورننگ باڈی کو اس معاملے سے صرف نظر کرنے کے بجائے توجہ دینے کی ضرورت ہے ورنہ جلد ہی شائقین کی نظر میں کرکٹ کے سب سے بڑے ایوارڈز اپنی قدر و منزلت کھو بیٹھیں گے ۔

وقت اشاعت : 25/12/2016 - 22:43:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :