لاہور پولو کلب کے زیراہتمام نیو ایئر پولو کپ 2016 ء کا شاندار آغاز

منگل 3 جنوری 2017 18:31

لاہور پولو کلب کے زیراہتمام نیو ایئر پولو کپ 2016 ء کا شاندار آغاز
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام نیو ایئر پولو کپ 2016 ء کا شاندار آغاز ہوگیا۔ پہلا میچ نور پور اور امپریل شوگر کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو نور پور کی ٹیم نے 6-4 سے جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق نیوایئر پولو کپ کے پہلے میچ کے موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر اعظم حیات نون، ثاقب خان خاکوانی، سیکرٹری کرنل (ر) شعیب آفتاب، ممبرز اور ان کی فیملیز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

پہلے چکر سے ہی نور پور کے کھلاڑیوں نے امپریل شوگر پر اپنا دبائو بنا دیا۔ ڈیڑھ گول کے ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج کے باوجود نور پور کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور میچ اپنے نام کیا۔ نور پور کی طرف سے احسن جاوید شیر نے دو گول،تیمور حیات نون، سیف اللہ نون اور اعظم حیات نون نے ایک ایک گول سکور کیا امپریل شوگر کی طرف سے نوید شیخ نے دو جبکہ ابراہیم شیخ ، حارث ہارون نے ایک ایک گول سکور کیا۔

(جاری ہے)

میچ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے تیمور حیات نون اور سیف اللہ نون کا کہنا تھا کہ دونوں بھائی مل کر محنت کرکے کھیلتے ہیں جس کی وجہ سے ٹیم جیت جاتی ہے۔ دونوں جڑواں بھائیوں کا کہنا تھا کہ چھوٹی عمر میں پولو کھیلنا شروع کی اب 16 سال کی عمر میں اچھی پولو کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی والدہ تہیہ نون اور والد عدنان حیات نون کا بھی خصوصی ذکر کیا جنہوں نے انہیں پولوکھیلنے کا موقع فراہم کیا۔
وقت اشاعت : 03/01/2017 - 18:31:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :