آل پاکستان عبدالستار ایدھی ٹین پن بائولنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد 18 جنوری سے ہوگا

جمعرات 5 جنوری 2017 22:14

آل پاکستان عبدالستار ایدھی ٹین پن بائولنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد 18 جنوری سے ہوگا
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2017ء) آل پاکستان عبدالستار ایدھی ٹین پن بائولنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد 18 جنوری سے ہو گا۔ پاکستان میں ٹین پن بائولنگ کے فروغ کے آفیشل پروموٹر ورچوئل ایکسز کے سی ای او خواجہ احمد مستقیم نے بتایا کہ 18 تا 21 جنوری 2017ء تک جاری رہنے والا چار روزہ ٹورنامنٹ ارینا کلب میں کھیلا جائے گا اور اس میں چار لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی جبکہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 300 سے زائد بولرز شرکت کریں گے جن میں پاکستان نمبرایک احمر عباس سیلڈرا، علی سریا، دانیال شاہ، شبیر لشکر والا اور فاضل مانیہ بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں 8 مختلف کٹیگریز رکھی گئی ہیں سنگل پلاٹینم، سنگل گولڈ، سنگل سلور، ٹرائیوایونٹ، فورمین ٹیم ایونٹ، نووائس ایونٹ ، ویمن ایونٹ اورمیڈیا کیٹگری شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں خواجہ احمد مستقیم نے بتایا کہ ورچئل ایکسز کے زیر اہتمام ماضی میں بھی متعدد مرتبہ کامیاب آل پاکستان ٹین پن باؤلنگ ٹورنامنٹ منعقد کئے جاچکے ہیں جن میں پاکستان کے بہترین باؤلرز اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی اس روایت کو قائم رکھتے ہوئے ورچوئل ایکسز نے آل پاکستان ٹین پن باؤلنگ ٹورنامنٹ کو بین الاقوامی سطح پر معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی (مرحوم) کے نام سے منسوب کیا ہے۔
وقت اشاعت : 05/01/2017 - 22:14:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :