محمد حفیظ نے مستقل کپتانی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا

اظہر علی ہی ہمارے کپتان ہیں اور انہیں پوری ٹیم کی حمایت حاصل ہے، محمد حفیظ ہر پلیئر کو کپتان کی حمایت کرنی چاہیے خواہ وہ کوئی بھی ہو کیونکہ یہ ایک فرد کی بجائے پوری ٹیم کا معاملہ ہے، میچ سے قبل پریس کانفرنس

بدھ 18 جنوری 2017 20:29

محمد حفیظ نے مستقل کپتانی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا

پرتھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2017ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان محمد حفیظ نے مستقل کپتانی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے۔ آل راؤنڈر نے کہا کہ اظہر علی ہی ہمارے کپتان ہیں اور انہیں پوری ٹیم کی حمایت حاصل ہے۔تیسرے ون ڈے سے قبل پریس کانفرنس کے دوران محمد حفیظ نے مستقل کپتانی کے متعلق سوال کو غیرمتعلقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اظہر علی ہی پاکستان ٹیم کے مستقل کپتان ہیں اور پوری ٹیم ان کے ساتھ ہے۔

اظہر علی کی کپتانی میں دن بدن نکھار آرہا ہے جس کی جھلک ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ہمیں نظر آئی۔ ہر پلیئر کو کپتان کی حمایت کرنی چاہیے خواہ وہ کوئی بھی ہو کیونکہ یہ ایک فرد کی بجائے پوری ٹیم کا معاملہ ہے۔محمد حفیظ نے کہا کہ میلبورن میں فتح کے بعد گرین شرٹس کا مورال بلند ہے ، ٹیم کی پوری توجہ کھیل پر مرکوز ہے، پرتھ میں کامیابی کیلئے ہمیں ہر شعبے میں اچھی کارکردگی دکھانا ہو گی۔

(جاری ہے)

جنید خان نے توقعات پر پورا اترتے ہوئے شاندار کم بیک کیا ہے، وہ ہر طرح کی کنڈیشنز میں پرفارم کر سکتے ہیں، پیسر کی بھرپور سپورٹ کریں گے اور تیسرے ون ڈے میں بھی ان کی اچھی کارکردگی کیلئے پرامید ہیں۔ محمد حفیظ نے میلبورن کے فاتح اسکواڈ کو پرتھ میں بھی برقرار رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک پچ نہیں دیکھی، کنڈیشنز دیکھ کر ہی فائنل پلیئنگ الیون کا فیصلہ کیا جائے گا۔۔

وقت اشاعت : 18/01/2017 - 20:29:26