حفیظ نے پاکستانی ٹیم کی مستقل کپتانی سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا

بدھ 18 جنوری 2017 20:30

حفیظ نے پاکستانی ٹیم کی مستقل کپتانی سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا

پرتھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان اور آل رائونڈر محمد حفیظ نے مستقل کپتانی سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اظہر علی ہمارے کپتان ہیں اور تمام کھلاڑی ان کی جلد ٹیم میں واپسی چاہتے ہیں، کینگروز کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے اور اب اگلا ہدف سیریز جیتنا ہے مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو تینوں شعبوں میں صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ون ڈے جمعرات کو کھیلا جائے گا اور دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ تیسرے ون ڈے سے قبل پریس کانفرنس کے دوران محمد حفیظ نے مستقل کپتانی سے متعلق سوال کو غیرمتعلقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اظہر علی ہی ٹیم کے مستقل قائد ہیں اور پوری ٹیم ان کے ساتھ ہے، اظہر علی کی کپتانی میں دن بدن نکھار آرہا ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں ہم سب اس کی جھلک دیکھ چکے ہیں، کپتان کوئی بھی ہو ہر کھلاڑی کو اس کی حمایت کرنی چاہیے کیونکہ یہ ایک فرد کا نہیں بلکہ پوری ٹیم کا معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

آل رائونڈر نے کہا کہ کینگروز کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار کامیابی سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے ، ہماری ٹیم اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، اگلے میچز میں فتوحات کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں بیٹنگ، بائولنگ اور فیلڈنگ میں اچھی کارکردگی دکھانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ بائولر جنید خان نے توقعات کے مطابق شاندار کم بیک کیا ہے وہ ہر طرح کی کنڈیشنز میں پرفارم کر سکتے ہیں، ہم انہیں بھرپور سپورٹ کریں گے اور امید ہے کہ وہ اگلے میچز میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کو کامیابیاں دلانے میں کردار ادا کریں گے، حفیظ نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں فاتح سکواڈ کو برقرار رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک وکٹ نہیں دیکھی اسلئے کنڈیشنز دیکھ کر ہی پلیئنگ الیون کا فیصلہ کریں گے۔

وقت اشاعت : 18/01/2017 - 20:30:13