تیسرا ون ڈے ، پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 264رنز کا ہدف دیدیا

جمعرات 19 جنوری 2017 12:00

تیسرا ون ڈے ، پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 264رنز کا ہدف دیدیا

پرتھ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 19جنوری۔2017ء ) 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 264رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔پرتھ کے ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور شرجیل خان نے کیا ، تیسرے اوور میں شرجیل خان نے سٹین لیک کو 1 چھکا اور 3 لگا تار چوکے جڑ کر 20 رنز بٹورے جس کے بعد اگلے ہی اوور میں محمد حفیظ 4رنز بنا کر ہیزلووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے ۔

شرجیل اور بابر نے دوسری وکٹ کے لیے 49رنز بنائے،شرجیل نے ٹریوس ہیڈ کے ایک اوور میں 3چوکے لگا کر اپنی چوتھی نصف سنچری مکمل کی تاہم اگلی ہی گیند پر بولڈ ہوگئے،اسد شفیق بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور 5رنز بنا کر ہیڈ کی گیند پر خواجہ کے ہاتھوں کیچ آؤ ٹ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

شعیب ملک اور بابر اعظم نے چوتھی وکٹ کے لیے 63رنز جوڑے جس کے بعد شعیب ملک 39رنز بناکر سٹین لیک کا شکار بن گئے ، بابر اعظم اور عمر اکمل نے 5 ویں وکٹ کے لیے 60رنز جوڑے جس کے بعد بابر84رنز بنا کر متنازع طریقے سے کیچ آؤٹ ہوگئے ،عمر اکمل اپنی فارم واپس لاتے دکھائی دے رہے تھے جب 39رنز پر وہ ہیزل ووڈ کی اٹھتی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے ، عماد وسیم بھی 9رنز بنا کر پوویلین چلتے بنے ۔

رضوان اور عامر نے مقررہ 50اوورز میں ٹیم کا سکور 263 رنز تک پہنچایا ، وکٹ کیپر بلے باز 14اور محمد عامر 4رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے، آسٹریلیا کیلئے ہیزل ووڈ نے 3، ٹریوس ہیڈ نے 2جبکہ کمنز اور سٹین لیک نے ایک ، ایک شکار کیا ۔ قبل ازیں آسٹریلوی قائد سٹیو سمتھ نے مسلسل تیسری بار ٹاس جیتا تاہم پہلے دو میچز کے برخلاف پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے ، قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ میزبان ٹیم نے 2 تبدیلیاں کی ہیں، ہینڈسکومب ون ڈے ڈیبیو کر رہے ہیں جبکہ دراز قد فاسٹ باؤلر سٹین لیک کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔

واضح رہے کہ 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے ، پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں شاہینوں نے کینگروز کو شکست کا مزہ چکھا کر حساب برابر کردیا تھا۔

وقت اشاعت : 19/01/2017 - 12:00:52