تیسرا ون ڈے ،آسٹریلیا نے پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دیدی

جمعرات 19 جنوری 2017 15:52

تیسرا ون ڈے ،آسٹریلیا نے پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دیدی

پرتھ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 19جنوری۔2017ء ) 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 2-1کی برتری حاصل کرلی ہے ۔پرتھ کے ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 264 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے کیا لیکن پاکستانی باؤلرز نے دونوں اوپنرز کو 45 رنز پر پویلین بھیج دیا، وارنر 39 رنز بنا کر جنید خان جبکہ عثمان 9 رنز بنا کر عامر کا شکار بنے ۔

ابتدائی بلے بازوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلین کپتان سٹیو سمتھ اور اپنا ون ڈے ڈیبیو کرنے والے پیٹر ہینڈ سکومب نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 228رنز تک پہنچا دیا ،ہینڈ سکومب 82رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر رضوان کا شکار بنے جس کے بعد ٹریوس ہیڈ نے کپتان سمتھ کے ساتھ آسٹریلیا کی نیا پار لگا دی ،سمتھ 108اور ٹریوس ہیڈ 23رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کیلئے حسن علی ، عامر اور جنید نے ایک ، ایک شکار کیا ۔اس سے قبل قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور شرجیل خان نے کیا ، تیسرے اوور میں شرجیل خان نے سٹین لیک کو 1 چھکا اور 3 لگا تار چوکے جڑ کر 20 رنز بٹورے جس کے بعد اگلے ہی اوور میں محمد حفیظ 4رنز بنا کر ہیزلووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے ۔شرجیل اور بابر نے دوسری وکٹ کے لیے 49رنز بنائے،شرجیل نے ٹریوس ہیڈ کے ایک اوور میں 3چوکے لگا کر اپنی چوتھی نصف سنچری مکمل کی تاہم اگلی ہی گیند پر بولڈ ہوگئے،اسد شفیق بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور 5رنز بنا کر ہیڈ کی گیند پر خواجہ کے ہاتھوں کیچ آؤ ٹ ہوگئے ۔

شعیب ملک اور بابر اعظم نے چوتھی وکٹ کے لیے 63رنز جوڑے جس کے بعد شعیب ملک 39رنز بناکر سٹین لیک کا شکار بن گئے ، بابر اعظم اور عمر اکمل نے 5ویں وکٹ کیلئے 60رنز جوڑے جس کے بعد بابر84رنز بنا کر متنازع طریقے سے کیچ آؤٹ ہوگئے ،عمر اکمل اپنی فارم واپس لاتے دکھائی دے رہے تھے جب 39رنز پر وہ ہیزل ووڈ کی اٹھتی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے ، عماد وسیم بھی 9رنز بنا کر پوویلین چلتے بنے ۔

رضوان اور عامر نے مقررہ 50اوورز میں ٹیم کا سکور 263 رنز تک پہنچایا ، وکٹ کیپر بلے باز 14اور محمد عامر 4رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے، آسٹریلیا کیلئے ہیزل ووڈ نے 3، ٹریوس ہیڈ نے 2جبکہ کمنز اور سٹین لیک نے ایک ، ایک شکار کیا ۔ قبل ازیں آسٹریلوی قائد سٹیو سمتھ نے مسلسل تیسری بار ٹاس جیتا تاہم پہلے دو میچز کے برخلاف پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے ، قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ میزبان ٹیم نے 2 تبدیلیاں کی ہیں، ہینڈسکومب ون ڈے ڈیبیو کر رہے ہیں جبکہ دراز قد فاسٹ باؤلر سٹین لیک کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔

واضح رہے کہ 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے ، پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں شاہینوں نے کینگروز کو شکست کا مزہ چکھا کر حساب برابر کردیا تھا۔

وقت اشاعت : 19/01/2017 - 15:52:47