پرتھ ون ڈے ،پاکستان کی ناقص فیلڈنگ کی بدولت آسٹریلیا 7وکٹوں سے فاتح،سیریز میں2-1کی برتری حاصل

آسٹریلیا نے 264رنز کا ہدف 3وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، سٹیو سمتھ کے 108 اور ہینڈز کومب کے 82 رنز پاکستان کی جانب سے جنید خان، محمد عامر اور حسن علی نے 1،1وکٹ حاصل کی۔آسٹریلوی کپتان مین آف دی میچ قرار دونوں ٹیموں کے مابین چوتھا ون ڈے 22جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائیگا

جمعرات 19 جنوری 2017 17:06

پرتھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف سیریز کے تیسرے میچ میں کپتان اسٹیو اسمتھ کی شاندار سنچری کی بدولت7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں2-1کی برتری حاصل کرلی۔آسٹریلیا نے 264رنز کا ہدف 45ویں اوورزمیں 3وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔آسٹریلیا کی جانب سے کپتان سٹیو سمتھ 108رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ ہینڈز کومب 82،ڈیوڈ وارنر35اور ہیڈ 23رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان، محمد عامر اور حسن علی نے 1،1وکٹ حاصل کی۔آسٹریلوی کپتان کو میچ میں شاندار سنچری کی بدولت مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے مابین چوتھا ون ڈے 22جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم آغاز سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی اور ٹیم کے قائم مقام کپتان اوپنر محمد حفیظ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی دوسری وکٹ 85 رنز پر گری جب شرجیل خان نصف سنچری مکمل کرکے پندرہویں اوور کی آخری گیند پر ٹریوس ہیڈ کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔جس کے بعد اسد شفیق بھی ٹریوس ہیڈ کا شکار بنے اور انھوں نے 99 کے مجموعے پر پویلین کی راہ لی, 30ویں اوور کی تیسری گیند پر 39 رنز بنا کر شعیب ملک بھی آٹ ہوگئے۔

بابراعظم نے ون ڈے میں تیز ترین ہزار ایک رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا، انہوں نے یہ ریکارڈ اپنے 21ویں میچ میں قائم کیا۔نوجوان بلے باز 84 رنزبنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر اپنا پہلا میچ کھیلنے والے پیٹرہینڈزکومب کا کیچ بنے، کومب نے بابر اعظم کا ایک مشکل کیچ تھاما جس کے حتمی فیصلے کے لیے ٹی وی امپائر سے رجوع کیا گیا۔عمراکمل نے بابراعظم کا ساتھ بخوبی نبھایا لیکن ایک مرتبہ پھر خاطر خوا کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور39رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

عماد وسیم 8 رنز بنا کر کھیل رہے تھے تو ان کا ساتھ دینے کے لیے محمد رضوان میدان میں اترے لیکن عماد وسیم جلد ہی صرف 9رنز کا اضافہ کرکے پیٹ کمنز کا نشانہ بنے لیکن محمد رضوان اور محمد عامر نے آخر تک سست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں7وکٹوں پر263رنز بنا کر میزبان ٹیم کو ایک آسان ہدف دے دیا۔محمد رضوان19گیندوں پر 14اور محمد عامر6گیندوں پر 4رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

264رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے محتاط بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کا آغاز کیا اور 9 اوورز تک 44 رنز بنا لیے تاہم جنید خان نے ڈیوڈ وارنر کو آٹ کرکے پاکستان کو اہم کامیابی دلادی۔ڈیوڈ وارنر 35 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جس کے بعد اگلے ہی اوور میں محمد عامر نے 9 رنز پر کھیلنے والے عثمان خواجہ کو محمد رضوان کے ہاتھوں آٹ کر کے پاکستان کو دوسری کامیابی دلادی۔

جنید خان نے بہترین بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئے بلے باز پیٹرہینڈزکومب کو مشکلات سے دوچار کردیا لیکن نو بال کے باعث ان کی ہاتھ آئی وکٹ سے محروم ہوگئے جبکہ محمد نواز نے ہینڈزکومب کو جنید کی گیند پر کیچ گرا کر ایک اور موقع دے دیا جس کا انھوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔کپتان اسمتھ اور ہینڈز کومب نے تیسری وکٹ میں 183 رنز کی شراکت قائم کی اور ہینڈز کومب 228 کے اسکور پر 82 رنز بنا کر آٹ ہوئے، ان کی وکٹ حسن علی نے حاصل کی۔

اسمتھ نے قائدانہ اننگز کھیلتے ہوئے کیریئر کی آٹھویں سنچری مکمل کی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کردیا۔آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 45 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔اسمتھ 108 اور ٹریوس ہیڈ 23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی جانب سے جنید خان، محمد عامر اور حسن علی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 19/01/2017 - 17:06:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :