بائولرز اور فیلڈرز نے بیٹسمینو ں کی محنت پر پانی پھیر دیا

آسٹریلیا نے تیسرے ون ڈے میں کپتان اسٹیو اسمتھ کی شاندار سنچری کی بدولت 7وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 45 ویں اوور میں حاصل کرلیا،اسمتھ 108 اور ٹریوس ہیڈ 23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ، میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ،پاکستان کی جانب سے جنید خان، محمد عامر اور حسن علی نے 1،1 وکٹ حاصل کی پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 84، اسد شفیق 99رنز بنا کر نروس نائٹیز کا شکار ہوگئے ، سیریز کا چوتھا میچ 22 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا

جمعرات 19 جنوری 2017 19:09

بائولرز اور فیلڈرز نے بیٹسمینو ں کی محنت پر پانی پھیر دیا
پرتھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2017ء) آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سیریز کے تیسرے میچ میں کپتان اسٹیو اسمتھ کی شاندار سنچری کی بدولت سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں 264 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے محتاط بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کا آغاز کیا اور 9 اوورز تک 44 رنز بنا لیے تاہم جنید خان نے ڈیوڈ وارنر کو آؤٹ کرکے پاکستان کو اہم کامیابی دلادی۔

ڈیوڈ وارنر 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اگلے ہی اوور میں محمد عامر نے 9 رنز پر کھیلنے والے عثمان خواجہ کو محمد رضوان کے ہاتھوں آؤٹ کر کے پاکستان کو دوسری کامیابی دلادی۔جنید خان نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئے بلے باز پیٹرہینڈزکومب کو مشکلات سے دوچار کردیا لیکن نو بال کے باعث ان کی ہاتھ آئی وکٹ سے محروم ہوگئے جبکہ محمد نواز نے ہینڈزکومب کو جنید کی گیند پر کیچ گرا کر ایک اور موقع دے دیا جس کا انھوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

(جاری ہے)

کپتان اسمتھ اور ہینڈز کومب نے تیسری وکٹ میں 183 رنز کی شراکت قائم کی اور ہینڈز کومب 228 کے اسکور پر 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی وکٹ حسن علی نے حاصل کی۔اسمتھ نے قائدانہ اننگز کھیلتے ہوئے کیریئر کی آٹھویں سنچری مکمل کی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کردیا۔آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 45 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔اسمتھ 108 اور ٹریوس ہیڈ 23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان، محمد عامر اور حسن علی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بابراعظم اور شرجیل خان کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 263 رنز بنا لیے۔

پاکستانی ٹیم آغازمیں مشکلات کا شکار نظر آئی جب ٹیم کے قائم مقام کپتان محمد حفیظ صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم دوسری وکٹ میں شرجیل خان اور بابراعظم نے 49 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا۔پاکستان کی دوسری وکٹ 85 رنز پر گری جب شرجیل خان نصف سنچری مکمل کرکے پندرہویں اوور کی آخری گیند پر ٹریوس ہیڈ کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔جس کے بعد اسد شفیق بھی ٹریوس ہیڈ کا شکار بنے اور انھوں نے 99 کے مجموعے پر پویلین کی راہ لی, 30ویں اوور کی تیسری گیند پر 39 رنز بنا کر شعیب ملک بھی آئوٹ ہوگئے۔

بابراعظم نے ون ڈے میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا، انہوں نے یہ ریکارڈ اپنے 21ویں میچ میں قائم کیا۔نوجوان بلے باز 84 رنزبنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر اپنا پہلا میچ کھیلنے والے پیٹرہینڈزکومب کا کیچ بنے، کومب نے بابر اعظم کا ایک مشکل کیچ تھاما جس کے حتمی فیصلے کے لیے ٹی وی امپائر سے رجوع کیا گیا۔عمراکمل نے بابراعظم کا ساتھ بخوبی نبھایا لیکن ایک مرتبہ پھر خاطر خوا کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

عماد وسیم 8 رنز بنا کر کھیل رہے تھے تو ان کا ساتھ دینے کے لیے محمد رضوان میدان میں اترے لیکن عماد وسیم جلد ہی صرف 9 رنز کا اضافہ کرکے پیٹ کمنز کا نشانہ بنے لیکن محمد رضوان اور محمد عامر نے آخر تک سست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 263 رنز بنا کر میزبان ٹیم کو ایک آسان ہدف دے دیا۔ محمد رضوان 19 گیندوں پر 14 اور محمد عامر 6 گیندوں پر 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے سب سے زیادہ 3اور ٹریوس ہیڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ 22 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا جہاں جیت کی صوت میں میزبان ٹیم سیریز بھی اپنے نام کرے گی جبکہ پاکستانی ٹیم سیریز کو برابر کرنے کی کوشش کرے گی۔
وقت اشاعت : 19/01/2017 - 19:09:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :