یووراج اور دھونی کی سنچریاں، بھارت نے انگلینڈ کو دوسرے ون ڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 15 رنز سے ہرا دیا

انگلش ٹیم 381 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں پر 366 رنز بنا سکی، مورگن کی سنچری، روئے، روٹ اور علی کی نصف سنچریاں بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، یووراج سنگھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

جمعرات 19 جنوری 2017 21:56

یووراج اور دھونی کی سنچریاں، بھارت نے انگلینڈ کو دوسرے ون ڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 15 رنز سے ہرا دیا
کٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) یووراج سنگھ اور مہندرا سنگھ دھونی کی شاندار سنچریاں کی بدولت بھارت نے انگلینڈ کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 15 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز مین 6 وکٹوں پر 381 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، 25 کے سکور پر ابتدائی 3 وکٹیں کھونے کے بعد یووراج اور دھونی نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی اور چوتھی وکٹ میں 256 رنز کی شراکت جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، یووراج 150 اور دھونی 134 رنز بنا کر نمایاں رہے، جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کیلئے آخر دم تک ڈٹ کر مقابلہ کیا لیکن میزبان ٹیم کے بائولرز نے اسے کامیاب نہیں ہونے دیا اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 366 رنز بنا سکی، این مورگن کی شاندار سنچری جبکہ جیسن روئے کی 82، معین علی کی 55 اور جوروٹ کی 54 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔

(جاری ہے)

یووراج سنگھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعرات کو کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں انگلش قائد مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اس نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 381 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، بھارتی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 25 کے سکور پر اس کے تین مستند بلے باز آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، لوکیش راہول 5، شیکھر دھون 11 اور کپتان ویرات کوہلی 8 رنز بنا کر چلتے بنے لیکن اس موقع پر یووراج سنگھ اور مہندرا سنگھ دھونی حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ میں 256 رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے نہ صرف ٹیم کو مشکلات سے نکالا بلکہ اس کی پوزیشن بھی مستحکم کر دی، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی سنچریاں بھی مکمل کیں، 281 کے مجموعی سکور پر یووراج سنگھ 150 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ووکس کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، 323 کے سکور پر کیدر جادھو 22 رنز بنا کر چلتے بنے، 358 کے سکور پر بھارت کی چھٹی وکٹ گری جب دھونی 134 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پلنکٹ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس کے بعد ہرڈک پانڈیا اور روندرا جدیجہ نے سکور 381 تک پہنچایا، پانڈیا 19 اور جدیجہ 16 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کرس ووکس نے 4 اور پلنکٹ نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں انگلش ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 366 رنز بنا سکی، انگلش ٹیم نے ہدف حاصل کرنے کیلئے آخر دم تک بھرپور کوشش کی تاہم قسمت نے اس کا ساتھ نہ دیا، ہدف کے تعاقب کیلئے انگلش ٹیم جب میدان میں اتری تو ایلکس ہیلز اور جیسن روئے ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کر سکے، ہیلز 14 رنز بنا کر بمرا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر روٹ نے روئے کے ساتھ مل کر سکور 128 تک پہنچا دیا لیکن یہاں پر ایشون نے روٹ کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑنے کے ساتھ ساتھ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، روٹ نے 54 رنز بنائے، 170 کے سکور پر جیسن روئے جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 82 رنز بنانے کے بعد جدیجہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے، بین سٹوکس ایک رن بنا سکے، 206 کے سکور پر انگلینڈ کی پانچویں وکٹ گری جب جوز بٹلر 10 رنز بنا کر ایشون کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر معین علی نے کپتان مورگن کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے 93 قیمتی رنز بنا کر سکور 299 تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر بمرا نے علی کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، علی نے 55 رنز بنائے، کرس ووکس 5 رنز بنا کر چلتے بنے، 254 کے سکور پر انگلینڈ کی آخری امید بھی دم توڑ گئی جب مورگن 102 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر رن آئوٹ ہو گئے، پلنکٹ 26 اور ویلے 5 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ایشون نے 3 جبکہ بمرا نے 2، کمار اور جدیجہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 19/01/2017 - 21:56:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :