کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کا پہلا روز، بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 289 رنز بناکر آئوٹ، سومیا سرکار اور شکیب الحسن کی نصف سنچریاں، ٹم سائودی نے 5 اور ٹرینٹ بولٹ نے 4 وکٹیں حاصل کیں

جمعہ 20 جنوری 2017 11:13

ْ کرائسٹ چرچ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے مابین سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 289 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، سومیا سرکار 86 اور شکیب الحسن 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ٹم سائودی نے 5 اور ٹرینٹ بولٹ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بنگلہ دیش نے نظم الحسین اور نورالحسن کو ٹیسٹ کیپ دی، بنگلہ دیشی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 7 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب تمیم اقبال پانچ رنز بنانے کے بعد ٹم سائودی کی گیند پر بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کو دوسرا نقصان 38 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب محمود اللہ 19 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اس موقع پر سومیا سرکار اور شکیب الحسن نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ میں 127 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 165 تک پہنچا دیا، سومیا سرکار 86 رنز بنانے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کا شکار بنے۔ اگلے ہی اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے صابر رحمان کو سات کے انفرادی سکور پر پویلین واپس بھیج دیا۔

شکیب الحسن 59 رنز بناکر ٹم سائودی کا نشانہ بنے۔ ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین نورالحسن 47 ، نظم الحسین 18 ، مہدی حسن مرزا 10 ، تسکین احمد 8 اور قمر الاسلام دو رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ روبل حسین 16 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، اس طرح بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 289 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ ٹم سائودی نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، ٹرینٹ بولٹ نے چار اور نیل ویگنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 20/01/2017 - 11:13:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :