قومی اتھلیٹکس ٹیم کے ریلے ایونٹ کے کھلاڑیوں کے ایک روزہ ٹرائلز پرسوں ہونگے

جمعہ 20 جنوری 2017 12:07

اسلام آباد ۔ 20 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء)پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی اتھلیٹکس ٹیم کے ریلے ایونٹ کے کھلاڑیوں کے ایک روزہ ٹرائلز پرسوں اتوار جناح سٹیڈیم، اسلام آباد میں ہونگے۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد اصغر گل کے مطابق منتخب ٹیم اسلامک سولیڈیٹری گیمز میں شرکت کرے گی۔ ٹرائلز 4x100 ریلے اور4x400 ریلے کے ایونٹس میں مرد اور خواتین شرکت کریں گی۔

ٹرائلز میں ہر ایونٹ کیلئے چار، چار مرد اور چار، چار خواتین کھلاڑیوں کا چنائو کیا جائے گا۔ اسلامک گیمز میں مرد اتھلیٹکس کے دس اور خواتین چھ ایونٹس میں حصہ لیں گی، مرد100 میٹر ریس،200میٹر ریس، 400 میٹر ریس، 400 میٹر رکاوٹی ریس، 110 رکاوٹی ریس، جیولین تھرو، ٹرپل جمپ، لونگ جمپ،4x100 میٹر ریلے اور 4x100 میٹر ریلے کے مقابلوں جبکہ خواتین 100 میٹر ریس،200 میٹر ریس، 400 میٹر ریس، 4x100 میٹر ریلے اور 4x100 میٹر ریلے اور ہیمرتھرو کے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔

(جاری ہے)

سلیکشن کمیٹی میں پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی، سیکرٹری محمد ظفر اور بریگیڈیر غلام جیلانی ہونگے۔ اصغر گل نے بتایا کہ اسلامک سولیڈیٹری گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری ہے جس میں ملک بھر سے 41 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جن میں32 مرد اور 9 خواتین کھلاڑی شامل ہیں، ان کھلاڑیوں کو کوچز جدید اور اعلیٰ تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ کھلاڑی اسلامک سولیڈیٹری گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے کریں گے۔ اسلامک سولیڈیٹری گیمز 12 مئی سے 22 مئی تک باکوآذربائیجان میں کھیلی جائے گی۔
وقت اشاعت : 20/01/2017 - 12:07:27