کرائسٹ چرچ ٹیسٹ ، بنگلہ دیش پہلی اننگز میں 289رنز بنا کر آئوٹ

سومیا سرکار 86، نور الحسن 47، شکیب الحسن 59رنز بنا کر نمایاں رہے ، ٹم سائوتھی کی شاندار بائولنگ 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی

جمعہ 20 جنوری 2017 16:44

کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2017ء) بنگلہ دیش کی ٹیم, نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 289 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔تمیم اقبال ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کیبعد مہمان ٹیم کی دوسری وکٹ محموداللہ کی صورت میں 38 رنز پر گری جب وہ 19 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

مشفق الرحیم کی عدم موجودگی میں تجربہ کار بلے باز تمیم اقبال ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ٹیم کے لیے ایک مرتبہ پھر ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے سومیا سرکار کے ساتھ مل کر 127 رنز کا اضافہ کیا اس دوران سومیا نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

(جاری ہے)

سومیا سرکار آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے جو 86 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کا نشانہ بنے۔

مشفق الرحیم کی عدم موجودگی میں وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری ادا کرنے والے نورالحسن نے 47 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی جبکہ شکیب الحسن 59 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کو وکٹ دے بیٹھے۔بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز مکمل کرتے ہوئے پوری ٹیم 289 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ باؤلر ٹیم ساؤتھی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو بڑا اسکور ترتیب دینے سے دور رکھا۔ٹم ساؤتھی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ٹرینٹ بولٹ نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو سیریز کے پہلے میچ میں ڈرامائی شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔
وقت اشاعت : 20/01/2017 - 16:44:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :