لنکن کر کٹ بورڈ نے میتھیوز کو ورلڈکپ تک کپتان برقراررکھنے کا علان کر دیا

اینجیلو میتھیوز کو ہماری بھرپور حمایت حاصل ہے، میتھیوز ایک ایسا کھلاڑی ہے جو ذمہ داری اٹھا سکتا ہے اور ہمیں ان پر اعتماد ہے کہ وہ ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے محنت کر رہے ہیں،صدر سری لنکن کر کٹ بورڈ

جمعہ 20 جنوری 2017 16:57

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2017ء)سری لنکا نے جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ واش کے باوجود اینجیلو میتھیوز پر اعتماد کرتے ہوئے ورلڈ کپ 2019تک انھیں ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔سری لنکا کی ٹیم نے اینجیلو میتھیوز کی قیادت میں 2016میں آسٹریلیا کو ہوم گرائونڈ میں وائٹ واش کرکے تاریخ رقم کی تھی تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کارکردگی کے اس سلسلے کو برقرار نہ رکھ سکے تھے اور انھیں وائٹ واش ہونا پڑا تھا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کے بعد میتھیوز کے بطور کپتان مستقبل کے حوالے سے انگلیاں اٹھائی جارہی تھیں لیکن سری لنکا کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی)کا ماننا ہے کہ وہ ٹیم کو واپس فتح کی جانب گامزن کرسکتے ہیں۔ایس ایل سی کے صدر تھیلنگا سماتھیپالا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'اینجیلو میتھیوز کو ہماری بھرپور حمایت حاصل ہے اور ہماری نظریں ان پر ہیں کہ وہ 2019 کے ورلڈ کپ تک ہماری قیادت کریں ۔

(جاری ہے)

سماتھیپالا کا کہنا تھا کہ 'جنوبی افریقہ میں ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز کے حوالے سے ہمارے کچھ جارحانہ منصوبے ہیں جس کے لیے میتھیوز ایک ایسا کھلاڑی ہے جو ذمہ داری اٹھا سکتا ہے اور ہمیں ان پر اعتماد ہے کہ وہ ٹیم کو چیزیں بدلنے میں مدد کریں گے ۔دوسری جانب موجودہ سلیکٹر اور سابق کپتان سنتھ جے سوریا نے جنوبی افریقہ میں ٹیم کی شکست کو ناتجربہ کاری قرار دیتے ہوئے تحمل سے کھیلنے کا مشورہ دیا۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ سری لنکا کی ٹیم نئے کھلاڑیوں سے بھری ہوئی ہے اس لیے حیرانی کی کوئی بات نہیں کہ انھیں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک دھچکا لگا ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ایسا نہیں ہے کہ الزامات دے کر میتھیوز کی کپتانی کو تباہ کیا جائے، بلکہ یہ میتھیوز کو مضبوط کرنے کا وقت ہے ۔انھوں نے کہا کہ سابق کپتان کی حیثیت سے میں جانتا ہوں کہ خاص کر سیریز کے دوران اس طرح کے الزامات میتھیوز کے ذہن پر کیسے اثرات مرتب کرسکتے ہیں ۔

جے سوریا نے کہا کہ ہمیں میتھیوز کی حمایت کرنا پڑے گی، اپنی غلطیوں کو درست کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز میں پورے اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں ۔سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 20 جنوری کو سنچورین میں کھیلا جارہا ہے۔
وقت اشاعت : 20/01/2017 - 16:57:47