انضمام الحق نے گرین شرٹس کی فٹنس عالمی میعار سے کم تر ہونے کا اعتراف کر لیا

جمعہ 20 جنوری 2017 16:37

انضمام الحق نے گرین شرٹس کی فٹنس عالمی میعار سے کم تر ہونے کا اعتراف کر لیا

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار20جنوری۔2017ء ) چیف سلیکٹر انضمام الحق نے گرین شرٹس کی فٹنس عالمی میعار سے کم تر ہونے کا اعتراف کر لیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ٹیم کا فٹنس لیول دیگر انٹر نیشنل ٹیموں کے مقابلے میں کم تر ہے تاہم اس ٹیم کو تھوڑا ٹائم دیں،سب چیزیں بہترہوجائیں گی،پاکستانی ٹیم گزشتہ 6ماہ سے کرکٹ کھیل رہی ہے ،انگلینڈ ٹورکے 7 دن بعد ٹیم یو اے ای چلی گئی،یو اے ای سے ٹیم نیوزی لینڈ اورپھر آسٹریلیا گئی،مصروفیات کی وجہ سے پلاننگ کا موقع ہی نہیں مل سکا۔

(جاری ہے)

انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ اظہر علی ہی اس ٹیم کے کپتان ہیں اور فٹ ہوتے ہی وہ دوبارہ ٹیم کی قیادت سنبھال لیں گے ۔ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کے حوالے سے سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ مصباح الحق کی پاکستان کیلئے بہت خدمات ہیں ،مصباح پاکستان کے کامیاب ترین کپتان ہیں ،آسٹریلیا سے آنے کے بعد مصباح سے کوئی بات نہیں ہوئی تاہم ان سے ملاقات ضرور کروں گا،انگلینڈ ٹور سے اب تک ہر کھلاڑی کو پورا چانس دیا گیا ہے ،کسی کھلاڑی کو ایک دو میچز کے بعد باہرنہیں کیا۔

وقت اشاعت : 20/01/2017 - 16:37:31