کپتان اظہرعلی فٹ ہوگئے ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف اگلے دونوں میچوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے، قومی ٹیم (آج) سڈنی میں پریکٹس کرے گی اور پریکٹس کے دوران اظہر کی فٹنس کو دیکھا جائے گا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر وسیم باری کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 20 جنوری 2017 18:49

کپتان اظہرعلی فٹ ہوگئے ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف اگلے دونوں میچوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے، قومی ٹیم (آج)  سڈنی میں پریکٹس کرے گی اور پریکٹس کے دوران اظہر کی فٹنس کو دیکھا جائے گا
پرتھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2017ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر وسیم باری کا کہنا ہے کہ کپتان اظہرعلی فٹ ہوگئے ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف اگلے دونوں میچوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم باری نے کہا کہ 'اظہر فٹ ہوگئے ہیں اور قومی امید ہے کہ آخری میچوں میں حصہ لیں گے اور ٹیم کی قیادت کریں گے ۔وسیم باری نے کہا کہ قومی ٹیم (آج) ہفتے کو سڈنی میں پریکٹس کرے گی اور پریکٹس کے دوران اظہر کی فٹنس کو دیکھا جائے گا ۔

دوسری جانب ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھی اظہر علی کی ٹیم میں واپسی پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'وہ اچھی پریکٹس کررہے ہیں اور رننگ میں بھی بہتر ہیں جبکہ فیلڈنگ میں بھی ٹھیک ہوگئے ہیں اس لیے ہم اتوار کو ہونے والے میچ میں ان کی واپسی کے لیے پرامید ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ان کے آنے سے ہماری ٹیم کو بڑا سہارا ملے گا اور ہماری بلے بازی کو بھی مضبوطی میں مدد ملے گی اور میں ان کی واپسی کے لیے پراعتماد ہوں ۔

آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا تھا جبکہ ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں 92 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم پاکستان نے دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے فتح حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔پرتھ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے کپتان اسمتھ کی شاندار کارکردگی کی بدولت میچ میں 7 وکٹوں سے مہمان ٹیم کو زیر کرکے سیریز میں 2-1 سے برتری حاصل کرلی ہے۔سیریز کا چوتھا میچ 22 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 20/01/2017 - 18:49:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :