اینڈی مرے، روجرفیڈرر ، خواتین کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی اینجلیق کربر نے چوتھے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

ہفتہ 21 جنوری 2017 13:06

اینڈی مرے، روجرفیڈرر ، خواتین کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی اینجلیق کربر نے چوتھے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

میلوربن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء)آسٹریلین اوپن 2017 کے تیسرے مرحلے میں عالمی نمبرایک اینڈی مرے، روجرفیڈرر اور خواتین کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی اینجلیق کربر نے فتوحات کے ساتھ چوتھے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔برطانیہ کے عالمی نمبرایک کھلاڑی اینڈی مرے نے امریکی کھلاڑی سیم کوئیرے کو 6-4، 6-2 اور6-4 سے شکست دے کر اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

اینڈی مرے کے سخت جان حریف نوواک جوکووچ کو گزشتہ روز ازبکستان کے ایک غیرمعروف کھلاڑی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انھیں ٹائٹل کا مضبوط امیدوار قرار دیا جانے لگا عالمی نمبر ایک اسٹار کا چوتھے مرحلے میں جرمنی کے زیویریف سے مقابلہ ہوگا۔تیسرے مرحلے کے ایک اور میچ میں سوئٹزرلینڈ کے روجرفیڈرر نے جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ کو 6-2، 6-4 اور 6-4 سے شکست دے کر ٹائٹل کے فائنل کا فاصلہ مختصر کرلیا۔

(جاری ہے)

روجرفیڈرر کا چوتھے مرحلے میں مقابلہ جاپانی کائی نیشیکور سے ہوگا جنھوں نے تیسرے مرحلے میں سلوواکیہ کے کھلاڑی لوکاس لیکو کو 6-4، 6-4 اور6-4 سے شکست دے دی۔2014 کے چمپئن اسٹین واورینکا نے سربیا کے وکٹر ٹرائیسکی کو3-6، 6-2، 6-2 اور 7-6 سے شکست دے دی اور چوتھے مرحلے میں اٹلی کے آندریاس سیپی سے ان کا مقابلہ ہوگا ،ْفرانسیسی کھلاڑی جو ولفریڈ ٹی سونگا نے امریکا کے جیک سوک کو 7-6، 7-5، 6-7 اور6-3 سے زیر کیا اور چوتھے مرحلے میں ان کا مقابلہ برطانیہ کے ڈیون ایوانز سے ہوگا۔

خواتین کے مقابلوں میں عالمی نمبرایک جرمن کھلاڑی اینجلیق کربر نے جمہوریہ چیک کی کھلاڑی کیرولینا پلسکوا کو 6-0 اور6-4 کے ایک معمولی مقابلے کے بعد اسٹریٹ سیٹ میں شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔روسی کھلاڑی سویٹلانا کوزنیٹسووا نے سربین خاتون اسٹار جیلینا جانکووچ کو 6-4، 5-7 اور9-7 کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد زیر کرلیا اور اگلے مرحلے میں ان کا مقابلہ ہم وطن کھلاڑی سے ہوگا۔

سابق چمپئن امریکا کی وینس ولیمز نے چینی کھلاڑی دووان ینگیانگ کو 6-1 اور6-0 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔فرنچ اوپن چمپئن ہسپانوی کھلاڑی گیبرین موگوروزو نے لٹووین کھلاڑی آناسٹاسیجا سیواسٹوا کو 6-4 اور 6-2 سے زیر کرکے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا جہاں ان کا مقابلہ رومانیہ کی سورانا کیرسٹیا سے ہوگا۔

وقت اشاعت : 21/01/2017 - 13:06:02