کرائسٹ چرچ ٹیسٹ ، شکیب الحسن نے 3وکٹیں لے کر میچ دلچسپ بنا دیا

نیوزی لینڈ نے 7وکٹوں کے نقصان پر 260رنز بنا لئے ، بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید 29رنز درکار ،نیکولس 56 اور ٹم ساؤتھی 4 رنز بنا کر وکٹ پر موجود

ہفتہ 21 جنوری 2017 17:23

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ ، شکیب الحسن  نے 3وکٹیں لے کر میچ دلچسپ بنا دیا
کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2017ء) بنگلہ دیش نے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے روز کے آخری لمحات میں شکیب الحسن کی 3 وکٹوں کی مدد سے نیوزی لینڈ کے سات بلے بازوں کو 260 رنز پر پویلین بھیج کر میچ کو دلچسپ بنا دیا ہے۔کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ نے دوسرے روز کا کھیل شروع کیا تو ان کا پہلا ہدف مہمان بنگلہ دیش کے پہلی اننگز کے اسکور 289 کو برابر کرنا تھا۔

جیت راول اور ٹام لیتھام نے 45 رنز کا آغاز فراہم کیا اور راول 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ صرف دو رنز کے اضافے کے بعد کین ولیمسن بھی قمرالاسلام کا شکار بن کر پویلین لوٹ گئے۔لیتھام اور روس ٹیلر نے تیسری وکٹ کے لیے 106 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعے کو 153 رنز تک پہنچادیا لیکن لیتھام 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

تجربہ کار بلیباز روس ٹیلر77 رنز بنا سکے اور 177 کے مجموعے پر مہدی حسن میراز کی وکٹ بنے۔

ٹیلر کے آؤٹ ہونے کے بعد ہنری نیکولس نے ذمہ داری سنبھالتے ہوئے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن دوسرے روز کے اختتامی لمحات میں شکیب الحسن نے دوسرے اینڈ سے بلے بازوں کو پویلین بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا جو 3 بلے بازوں کے بعد رک گیا۔مچل سینٹنر29، بی جے واٹلنگ ایک اور گرینڈہوم صفر پر شکیب الحسن کو وکٹ دے بیٹھے۔نیوزی لینڈ نے دوسرے روز کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے تھے اور انھیں مزید 29 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔نیکولس 56 اور ٹم ساؤتھی 4 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب نے 3، قمرالاسلام ربی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کو دومیچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 21/01/2017 - 17:23:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :