چوتھا ون ڈے ، آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 354رنز کا ہدف دیدیا

اتوار 22 جنوری 2017 12:13

چوتھا ون ڈے ، آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 354رنز کا ہدف دیدیا

سڈنی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22جنوری۔2017ء ) 5ون ڈے میچز کی سیریز کے چوتھے مقابلے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 354رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈمیں کھیلے جا رہے چوتھے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے کیا : ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ انداز میں کھیلتے اپنی ففٹی مکمل کی، آسٹریلیا کا سکور 92 رنز پر پہنچا تو عثمان خواجہ حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے ، انہوں نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔

10کے انفرادی سکور پر شرجیل خان نے سمتھ کا آسان کیچ ڈراپ کردیا ۔ڈیوڈ وارنر اور سٹیو سمتھ نے دوسری وکٹ کے لیے 120رنز جوڑے اور اس دوران وارنر نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 12سنچری بھی مکمل کی،وارنر 130رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ،اسی اوور میں حسن علی نے سٹیو سمتھ کو بھی 49رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا ۔

(جاری ہے)

ٹریوس ہیڈ اور میکسویل نے چوتھی وکٹ کے لیے محض 64گیندوں پر 100رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد ہیڈ محمد عامر کی گیند پر 51رنز بنا کر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤ ٹ ہوئے ،میتھیو ویڈ 5رنز بنا کر حسن علی کا چوتھا شکار بنے ، میکسویل اننگز کی آخری گیند پر 78رنز بنا کر حسن علی کا پانچواں شکار بنے ۔

پاکستان کے لیے حسن علی نے 5اور عامر نے ایک شکارکیا۔ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور اسد شفیق کی جگہ کپتان اظہر علی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ، سیریز بچانے کے لئے قومی ٹیم کو لازماً میچ جیتنا ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان کا سڈنی گراؤنڈ پر مجموعی ریکارڈ زیادہ بہتر نہیں اور وہ تمام ٹیموں کیخلاف 20 میں سے صرف 6 ون ڈے ہی جیت سکی ہے، آسٹریلیا سے 14 میچز میں صرف 4 فتوحات ہاتھ آئیں، گرین شرٹس اس گراؤنڈ پر کھیلے گزشتہ پانچوں میچز ہارچکے ہیں۔

وقت اشاعت : 22/01/2017 - 12:13:44