جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں ابھی کافی وقت ہے، قومی ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ جیتے گی، کوچز کے زیادہ سے زیادہ ٹریننگ پروگرام ہونے چاہئے، مدثر علی خان

پیر 23 جنوری 2017 13:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) قومی انڈر 18 ہا کی ٹیم کے ا سسٹنٹ کوچ اولمپیئن مدثر علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہاکی لیگ کا انعقاد ہوگیا تو اس سے ملکی ہاکی بہت بہتر ہوجائے گی اور قومی ہاکی ٹیم کو بھی نیا ٹیلنٹ ملے گا۔اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت میں ہاکی لیگ کے انعقاد سے بھارتی ٹیم بہتر ہوئی ہے اور انشاء اللہ پی ایچ ایف کی کوششوں سے پاکستان میں بھی ہاکی لیگ کا جلد انعقاد ہوگا ۔

اولمپئن مدثر نے کہاکہ جونیئر ورلڈ کپ کے لئے پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم کی تیاریاں جاری ہیں اور جونیئر ورلڈ کپ میں ابھی کافی وقت ہے اور انشاء اللہ تعالی ورلڈ کپ تک قومی جونیئر ہاکی ٹیم بھارتی ٹیم سے بہتر ہوگی اور ورلڈ کپ جیتے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس بہت ضروری ہے اور کیمپ میں ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ان کی فٹنس زیادہ سے زیادہ ہو ،کھلاڑی جب گھر چلے جاتے ہیں تو مکمل طور پر ٹریننگ نہیں کرتے جس کی وجہ سے ان کی فٹنس کا معیار کم ہوجاتا ہے اور اب ہماری کوشش ہے کہ انہیں صرف دو ہفتوں کے لئے گھر بھجوایا جائے اور اس کے بعد پھر ہاکی کی سرگرمیوں میں مشغول کردیا جائے ۔

ملک میں ہاکی کے ڈومیسٹک سٹرکچر کی وجہ سے کھلاڑیوں کی تکینک بہتر نہیں ہوتی ۔کھلاڑی ڈومیسٹک میں گراسی گرائونڈز میں کھیلتے ہیں اور پھر کیمپ میں انہیں آسٹرو ٹرف پر کھیلنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ان پر زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے ۔ڈومیسٹک میں تجربہ کار کوچز کو ذمہ داریاں دی جانی چاہئے تاکہ کھلاڑیوں کی گراس روٹ لیول پر تکنیک بہتر ہو ۔کوچز کے زیادہ سے زیادہ ٹریننگ پروگرام ہونے چاہئے ۔

۔انہوں نے کہاکہ ملکی ڈومیسٹک ہاکی کے سٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے ۔زیادہ سے زیادہ آسٹر و ٹرف لگائی جائیں اور کھلاڑیوں کو نوکریاں دے کر ان کی مالی حالت کو بہتر کیا جائے،انہوں نے کہاکہ جوہر ٹائون میں لگنے والے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس پہلے سے بہت بہتر ہے اور کیمپ 30جنوری تک جاری رہے گا اور اس کے بعد کھلاڑیوں کو گھروں میں ریسٹ کے لئے بھجوادیا جائے گا اور پھر کیمپ شروع ہوگا۔
وقت اشاعت : 23/01/2017 - 13:40:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :