بنگلہ دیشی کر کٹر عرفات سنی پر گرل فرینڈ کی ذاتی تصاویر شائع کرنے کے جر م میں گرفتار

معاملات پر نظر رکھتے ہوئے ہیں ، کرکٹر کا ذاتی مسئلہ معلوم ہوتا ہے ، کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے ،چیف ایگزیکٹو

پیر 23 جنوری 2017 14:03

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) بنگلہ دیش میں پولیس نے قومی کرکٹر عرفات سنی کو مبینہ طور پر ان کی گرل فرینڈ کی ذاتی تصاویر شائع کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ مقامی پولیس کے سربراہ جمال الدین میر کا کہنا تھا کہ 30 سالہ کرکٹر عرفات سنی کو ان کی گرل فرینڈ کی جانب سے دو ہفتے قبل جمع کروائی جانے والی درخواست پر ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

لیفٹ آرم سلو بولر عرفات سنی پر ان کی گرل فرینڈ کے ساتھ ذاتی تصاویر سوشل میڈیا پر شائع کرنا کا الزام ہے۔ گرل فرینڈ کا کہنا ہے کہ ’عرفات سنی نے ان کے نام کا جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنایا اور اس پر ان دونوں کی ذاتی تصاویر شائع کر دیں، جو کہ ان کے مطابق جرم اور ہتک آمیز ہے۔‘پولیس سربراہ کے مطابق: ’ہم نے عرفات کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت بھیجا ہے تاکہ انھیں تفتیش کے لیے مزید پانچ دن حراست میں رکھنے کی اجازت لی جا سکے۔

(جاری ہے)

‘اگر عرفات سنی پر جرم ثابت ہو جاتا ہے تو انھیں 14 سال جیل یا 126340 ڈالر جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔عرفات سنی کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیگٹیو نظام الدین چوہدری نے کہا ہے کہ ان کا ذاتی معاملہ دکھائی دے رہا ہے۔ فی الحال ہم اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے، لیکن ہم اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

عرفات سنی بنگلہ دیش کی جانب سے 16 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں جس میں انھوں نے 24 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے دس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 12 وکٹیں لی ہیں۔بنگلہ دیش کی جانب سے قومی ٹیم میں کھیلنے والے یہ تیسرے کرکٹر ہیں جنھیں حالیہ سالوں میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ روبیل حسین اور شہادت حسین بھی جیل جا چکے ہیں۔
وقت اشاعت : 23/01/2017 - 14:03:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :