پاکستان بلائنڈ کرکٹ کے فروغ اور بہتری کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے، سید سلطان شاہ

پیر 23 جنوری 2017 15:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے تیسری مرتبہ منتحب چیئرمین سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ کے فروغ اور بہتری کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے۔ ورلڈ بلائنڈکپ 2018ء کے لئے ابھی سے تیاریاں شروع کردی ہیں اور توقع رکھتے ہیں ورلڈ ٹی 20 اور عالمی کپ میں پاکستان کامیابی حاصل کرکے قوم کوتحفہ دے گا۔

بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم رواں سال کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس حوالے سے جلد بھارت کا دورہ کروں گا۔ پیر کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ 2009ء سے مسلسل تیسری مرتبہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ کا ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ مضبوط ہوا اور ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں بھی اضافہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے پوری دنیا میں پاکستان کا بال متعارف کروایا جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن ہوا۔ سید سلطان شاہ نے کہا کہ ان کے گزشتہ دور میں پاکستان ایک روزہ اور ٹی20 دونوں اعزازات سے محروم رہا جس کا مجھے دکھ ہے تاہم عالمی مقابلوں کے لئے ابھی سے کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے اور امید رکھتے ہیں کہ ورلڈ کپ2018ء کے لئے ابھی سے تیاریاں شروع کریں گے اور توقع رکھتے ہیں ورلڈ ٹی 20 اور ورلڈ کپ دونوں میں پاکستان کامیابی حاصل کرکے قوم کو تحفہ دیں گے۔

چیئرمین سید سلطان شاہ نے کہا کہ رواں سال بھارت کا دورہ کروں گا اور بھارت کے حکام سے بھارتی ٹیم کو دورہ پاکستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ امید ہے کہ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم رواں سال کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں زیر تعمیر سٹیڈیم جلد مکمل کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 23/01/2017 - 15:28:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :