کرائسٹ چرچ دوسرا ٹیسٹ : بنگلہ دیش کو 9وکٹوں سے شکست

نیوزی لینڈ نے 109رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے سیریز بھی 2-0سے جیت لی ٹام لیتھم 41 ،کولن گرانڈ ہوم نے 15 گیندوں میں چار چھکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے،ٹم ساؤدی کو میچ میں ان کی بہترین بولنگ کے لیے 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا

پیر 23 جنوری 2017 16:29

کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ نو وکٹوں سے جیت لیا ہے اور اس طرح اس نے سیریز بھی دو صفر سے جیت لی ہے۔کرائٹسٹ چرچ میں ہونے والے اس میچ میں چوتھے دن بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 173 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح اس نے میزبان ٹیم کے سامنے 109 رنز کا معمولی ہدف رکھا جسے انھوں نے ایک وکٹ کے نقصان پر بہ آسانی حاصل کر لیا۔

ٹام لیتھم 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کولن گرانڈ ہوم نے 15 گیندوں میں چار چھکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے اور مطلوبہ رنز چوتھے دن ہی حاصل کر لیا۔ٹم ساؤدی کو میچ میں ان کی بہترین بولنگ کے لیے 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔ بنگلہ دیش کو نیوزی لینڈ کے دورے کے سارے انٹرنیشنل میچوں میں شکست کا سامنا رہا لیکن نیوزی لینڈ کے کپتان نے کہا کہ انھیں 'مہمان ٹیم نے سخت مقابلہ فراہم کیا' لیکن ان کے مطابق 'دوسرے ٹیسٹ کا آخری دن نیوزی لینڈ کی رواں سیریز کا بہترین دن رہا۔

(جاری ہے)

'خیال رہے کہ میچ کا تیسرا دن بارش سے پوری طرح متاثر رہا۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور بنگلہ دیش کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 289 رنز بنائے تھے جس میں سومیا سرکار (86) اور شکیب الحسن (59) نمایاں سکورر رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدی نے پانچ جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کا کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا اور سومیا سرکار اور محموداللہ نے بالترتیب 36 اور 38 رنز بنا کر نمایاں سکورر رہے۔

نویں وکٹ کے لیے قمرالاسلام اور تسکین احمد کے درمیان 51 رنز کی شراکت ہوئی۔پہلی اننگز کے جواب میں نیوزی لینڈ نے ہنری نکولس کے 98 رنز اور ٹام لیتھم کے 68 رنز کی بدولت 354 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور اس نے پہلی اننگز کی بنیاد پر 65 رنز کی سبقت حاصل کی۔بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو دو وکٹیں مہدی حسن معراج اور قمرالاسلام نے حاصل کیں۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش کے کپتان اور وکٹ کیپر مشفق الحسن پہلے میچ میں آنے والی چوٹ کے سبب اس میچ میں نہیں کھیل رہے ہیں اور اس کا اثر ان کی ٹیم پر نظر آ رہا ہے۔پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے خسارے کے باوجود ڈرامائی انداز میں جیت حاصل کی تھی اور بنگلہ دیش پہلی اننگز میں 590 رنز بنانے کے بعد بھی ہار گئی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے تینوں ون ڈے اور تینوں ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔
وقت اشاعت : 23/01/2017 - 16:29:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :