دوسری قائد اعظم بین الصوبائی گیمز کا انعقاد ، ڈی جی سپورٹس کی زیر صدارت اجلاس

گیمز کے کے انعقاد کے حوالے سے شرکا کو تفصیلی بریفنگ ، پلان آف ایکشن ترتیب دیدیا گیا وفاقی حکومت سے 169ملین روپے کا بجٹ مانگ لیا،اپریل میں منعقد ہونیوالی گیمز میں مردوں کے 15اور خواتین کی 12کھیلوں کو رکھا گیا ہے

پیر 23 جنوری 2017 16:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) پاکستان سپورٹس بورڈ نے دوسری قائد اعظم بین الصوبائی گیمز کے انعقاد کیلئے وفاقی حکومت سے 169ملین روپے کا بجٹ مانگ لیا ، رواں سال اپریل میں منعقد ہونیوالی گیمز میں مردوں کے 15اور خواتین کی 12کھیلوں کو رکھا گیا ہے جس میں ملک بھر سے تین ہزار سے زائد اتھلیٹس اور آفیشلز شرکت کرینگے ۔

دوسری قائد اعظم بین الصوبائی گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے گزشتہ روز اجلاس پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹرجنرل اختر نواز گنجیرا کی صدارت میں سپورٹس بورڈ میں ہوا جس میں مختلف شعبوں کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر نیشنل فیڈریشنز اور کوارڈنیشن اعظم ڈار نے قا ئد اعظم گیمز کے کے انعقاد کے حوالے سے شرکا کو تفصیلی بریفنگ دی جس کی روشنی میں گیمز کے انعقاد کیلئے پلان آف ایکشن ترتیب دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قائد اعظم گیمز کے کامیاب انعقاد کے لئے صوبائی سپورٹس بورڈز کے حکام کا بھی رواں ماہ اجلاس بلایا جائیگا اور انہیں گیمز کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی جبکہ اسی اجلاس میں کھیلوں کے ڈسپلنز ، ایونٹس ، وینوز ، شیڈول اور دستے کی تعداد کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں گیمز کے انعقاد کیلئے اٹھنے والے اخراجات کا بھی جائزہ لیا گیا ، شرکا کو بتایا گیا کہ گیمز پر 16کروڑ90لاکھ روپے کے اخراجات آئیں گے جس پر فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کا ایک وفد پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گجیرا کی سربراہی میں جلد وفاقی وزیر منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال سے ملاقات کرئے گا اور انہیں قائد اعظم گیمز کے انتظامات اور اٹھنے والے اخراجات پر تفصیلی بریفنگ دے گا ۔

گیمز میں مردوں اور خواتین کی کھیلوں میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن ، باسکٹ بال ، فٹ بال ، ہاکی ، جوڈو، کراٹے ، سکواش، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹنس اور والی بال رکھے گئے ہیں جبکہ باسکٹ بال ، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ میں صرف مینز ایونٹ ہی منعقد کئے جائینگے ۔اس ضمن میں رابطہ کرنے پر ڈائریکٹر نیشنل فیڈریشنز اور کوارڈنیشن اعظم ڈار کا کہنا تھا کہ دوسری قائد اعظم گیمز کے حوالے سے تمام معاملات کو جلد حتمی شکل دیدی جائے گی ، گیمز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے اور نمایاں پوزیشنز حاصل کرنیوالے اتھلیٹس کو کیش انعامات دینے کیساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کیلئے با صلاحیت اتھلیٹس کو مختلف کھیلوں کے قومی کیمپس میں بھی مدعو کیا جائیگا تاکہ ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے ۔

اعظم ڈار کا کہنا تھا کہ قائد اعظم گیمز کے شاندار انعقاد کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا کی سربراہی میں مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں ہیں جبکہ گیمز میں مردوں کے 15اورخواتین کی 12کھیلیں گیمز میں شامل کرنے پر غور کیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 23/01/2017 - 16:29:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :