چیس فیڈریشن آف پاکستان کے غیر جانبدار اور شفاف الیکشن کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق کی سربراہی میں الیکشن کمیشن تشکیل

تمام معاملات کو حتمی شکل دیکر چیس فیڈریشن کے انتخابات منعقد کروائیں جائینگے، کمیٹی کے پہلے اجلاس میں فیصلہ

پیر 23 جنوری 2017 16:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) وفاقی حکومت نے چیس فیڈریشن آف پاکستان کی دھڑے بندی کے خاتمے سمیت غیر جانبدار اور شفاف الیکشن کے انعقاد کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج امجد اقبال قریشی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن تشکیل دیدیا ۔ تفصیلات کے مطابق چیس فیڈریشن کے دو دھڑوں کے خاتمے کیلئے وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سابق سیکرٹری اعجاز چوہدری نے عدالت عالیہ میں تحریری یقین دھانی کروائی تھی کہ پاکستان سپورٹس کی نگرانی میں چیس فیڈریشن آف پاکستان کا تنازعہ جلد حل کر لیا جائے گا جس کی روشنی میں پاکستان سپورٹس بورڈ نے ایڈوکیٹ سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج امجد اقبال قریشی کو الیکشن کمشنر تعینات کر دیا جن کی معاونت پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سید حبیب شاہ اور ڈائریکٹر نیشنل فیڈریشنز اعظم ڈار کرینگے ۔

(جاری ہے)

چیس فیڈریشن کے ایک گروپ کو حنیف قریشی جبکہ دوسرے گروپ کو محمد امین کی حمایت حاصل ہے ۔دوسری جانب رابطہ کرنے پر ڈائریکٹر نیشنل فیڈریشنز اعظم ڈار نے تصدیق کی کہ چیس فیڈریشن کے شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کا پہلا اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں چیس فیڈریشن سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ تمام معاملات کو حتمی شکل دیکر چیس فیڈریشن کے انتخابات منعقد کروائیں جائینگے جو نیشنل سپورٹس پالیسی اور چیس فیڈریشن آف پاکستان کے آئین کی روشنی میں ہونگے ۔
وقت اشاعت : 23/01/2017 - 16:32:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :