آسٹریلیا اوپن، امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمز نے 14سال بعد سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

فاتح کھلاڑی نے کوارٹر فائنل میں انستاسیہ پولوچنکووا کو6-4،7-6 سے شکست دی

منگل 24 جنوری 2017 14:53

میلبورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء) معروف امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمز آسٹریلین اوپن میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئی14سال بعد ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ کر نئی تاریخ رقم کردی۔میلبورن میں کھیلے جا رہے سال کے پہلے گرینڈ سلیم ایونٹ میں خواتین کے کوارٹر فائنل میں 36 سالہ وینس نے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے عالمی نمبر 24 انستاسیہ پولوچنکووا کو سخت مقابلے بعد زیر کیا۔

روڈ لیور میں کھیلے گئے میچ میں پولوچنکووا نے ابتدائی طور پر امریکی اسٹار سے بہتر کھیل پیش کیا لیکن وہ اس سلسلے کو برقرار نہ رکھ سکیں اور وینس ولیمز کو میچ میں واپسی کا موقع فراہم کیا جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

(جاری ہے)

ایک گھنٹے اور 48 منٹ تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں وینس نے پہلا سیٹ 6-4 اور دوسرا 7-6 سے جیت کر آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی سب سے زائد العمر کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

یہ 14 سال بعد پہلا موقع ہے کہ وہ میلبرن میں ہونے والے ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہیں اور اس سے قبل 2003 میں وہ ایسا کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں لیکن ان کی چھوٹی بہن سرینا نے فائنل میں انہیں شکست سے دوچار کیا تھا۔سات مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپیئن کا سیمی فائنل میں مقابلہ ہم وطن کوکو وینڈے ویگے سے ہو گا جنہوں نے سابق فرنچ اوپن چیمپیئن گیبرین موگوروزا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-4 اور 6-0 سے زیر کیا۔
وقت اشاعت : 24/01/2017 - 14:53:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :