شرجیل خان کے مستقبل کا فیصلہ تحقیقات کے بعد کیا جائے گا:لیسٹر شائر

ہفتہ 18 فروری 2017 13:08

شرجیل خان کے مستقبل کا فیصلہ تحقیقات کے بعد کیا جائے گا:لیسٹر شائر
لیسٹر (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین18فروری۔2017ء)انگلش کرکٹ کاﺅنٹی لیسٹر شائر نے شرجیل خان کے ٹیم کےساتھ مستقبل کے بارے میں فیصلہ پی سی بی کی جاری تحقیقات کا نتیجہ سامنے آنے کے بعد کرنے کااعلان کردیا ہے ۔لیسٹر شائر کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے ایک انٹر ویو میں کہا کہ اس وقت ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری تحقیقات کے نتیجے کا انتظار کر رہے ہیں جس کے بعد ہی کاﺅنٹی حکام شرجیل خان کے بارے میں کوئی فیصلہ کریں گے ۔

واضح رہے کہ لیسٹر شائر نے 27سالہ شرجیل خان سے اس سال ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا تاہم حالیہ سپر لیگ سکینڈل کے نتیجے میں شرجیل کا کیریئر خطرے سے دوچار ہوگیا ہے،شرجیل خان آسٹریلیا کے حالیہ دورے میں اپنی عمدہ بیٹنگ کے بعد ایک ایسے جارح مزاج بیٹسمین کے طور پر سامنے آئے جنھیں مختلف ٹی ٹونٹی لیگز اپنے ساتھ کھلانے میں دلچسپی رکھتی تھیں جن میں بگ بیش اور کیربیئن لیگ قابل ذکر ہیں،وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کی نمائندگی کرتے ہیں جس نے انھیں معطل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کہہ چکے ہیں کہ بکیز سے روابط کے الزامات میں معطل کرکٹرز کو موقف پیش کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے تاہم جرم ثابت ہونے پر کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔

وقت اشاعت : 18/02/2017 - 13:08:53