پاکستان سپر لیگ،فاسٹ باولروہاب ریاض اور اہلیہ کے مابین دلچسپ لفظی جنگ

منگل 21 فروری 2017 13:35

پاکستان سپر لیگ،فاسٹ باولروہاب ریاض اور اہلیہ کے مابین دلچسپ لفظی جنگ
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین21فروری۔2017ء) متحدہ عرب امارات میں پاکستان سپر لیگ کا دوسرا سیزن آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ میچز مزید سخت اور دلچسپ ہوتے جا رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب 4 ٹیمیں ناک آﺅٹ راﺅنڈ میں جائیں گی۔پیر کو کھیلے گئے واحد میچ میں لاہور قلندرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف جیت کے لیے آخری اوور میں 6 رنز درکار تھے اور ان کی دو وکٹیں باقی تھیں، محمد سمیع کی پہلی گیند پر عامر یامین آﺅٹ ہو گئے لیکن اگلی گیند پر گرانٹ ایلیٹ نے محمد سمیع کو ایک بلند و بالا چھکا لگا کر قلندرز کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان زلمی کی جانب سے کھیلنے والے فاسٹ بولر وہاب ریاض کی اہلیہ نے ٹویٹ کیا” کیا دلچسپ مقابلہ تھا، لاہور قلندرز مبارک ہو، اب پاکستان سپر لیگ میں کوئی بھی ٹیم آگے بڑھ سکتی ہے اور فائنل تک پہنچ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

وہاب ریاض نے اہلیہ کے ٹویٹ میں جواب میں ٹویٹ کیا کہ ”جان،باقی ٹیموں کی فکر چھوڑو، پشاور زلمی کی فکر کریں، آپکو پشاورزلمی کو سپورٹ کرنا ہو گا ورنہ لاہور صرف تین گھنٹے دور ہے۔

وہاب ریاض کی ٹویٹ کے جواب میں ان کی اہلیہ نے ٹویٹ کیا ”میں پشاور زلمی ہی کو سپورٹ کر رہی ہوں، ویسے بھی آخر میں جیت تو پاکستان ہی کی ہونی ہے اور ویسے بھی جان آپ میری فکر نہیں کریں، بس آخری دو میچوں میں جیت کو یقینی بنائیں ورنہ آپ کو لاہور مجھ سے پہلے ہی واپس جانا پڑےگا۔“
وقت اشاعت : 21/02/2017 - 13:35:40