بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کیے بغیر ویرات کوہلی سے میرا موازنہ کیا جانا غلط:عمر اکمل

بدھ 22 فروری 2017 12:07

بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کیے بغیر ویرات کوہلی سے میرا موازنہ کیا جانا غلط:عمر اکمل
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین22فروری۔2017ء)قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے ایک بار پھر ٹاپ آرڈر میں کھلانے کا مطالبہ کردیا،کہا کہ بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کیے بغیر ویرات کوہلی سے میرا موازنہ کیا جانا غلط ہے۔میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل کا کہنا تھاکہ میرا ہمیشہ ویرات کوہلی سے موازنہ کیا جاتا ہے جو غلط ہے کیونکہ یہ موازنہ کرتے ہوئے بیٹنگ آرڈر کو سامنے نہیں رکھا جاتا، کسی بھی بلے باز کیلیے موزوں بیٹنگ آرڈر کی اہمیت ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہوں، نمبر 6 پر ہی کھلایا جا رہا ہے جب کہ کوہلی شروع سے ہی نمبر 3 پر بیٹنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں بھی نمبر 3 پر مسلسل موقع دیا جائے اور اگر وہ پھر بھی پرفارم نہ کریں تو ان سے پوچھا جائے، اگر ویرات کوہلی بھی چھٹے نمبر پر کھیلیں تو ان کی کارکردگی پر بھی اثر پڑے گا۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل میں گزشتہ روز عمراکمل لاہور قلندرز کی جانب سے چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے 42 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 66 رنز کی اننگز کھیل کر دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار اداکرنے کے بعد مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔

واضح رہے کہ عمر اکمل اس سے قبل متعدد مرتبہ قومی ٹیم میں اپنے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کا مطالبہ کر چکے ہیں اور ورلڈ ٹی ٹونٹی میں ان کی جانب سے عمران خان سے بھی اوپر کے نمبروں پر نہ کھلائے جانے کی شکایت کیے جانے کی ویڈیو سامنے آئی تھی ۔

وقت اشاعت : 22/02/2017 - 12:07:58