نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر پھر بحال،سپریم کو رٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق چیئرمین چوہدری ذکا اشرف کی بحالی کے فیصلے کو معطل کر دیا ،فریقین کو 27 مئی کے لئے نوٹسز جاری ،چیئرمین کی تقرری ایگزیکٹو معاملہ ہے اور یہ اختیار بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم نواز شریف کو حاصل ہے، وکیل پی سی بی،سپریم کورٹ نے میوزیکل چیئرچلانے والوں کو آج واضح پیغام دے دیا، نجم سیٹھی ، آج انصاف کے تقاضے پورے ہوگئے،چیئرمین کا عہدہ شوق سے نہیں مشن پورا کرنے کے لئے قبول کیا، پی سی بی کے آئین کی تیاری اور الیکشن کے بعد خود عہدہ چھورڈ دوں گا،بحالی کے فیصلے کے بعد صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 22 مئی 2014 03:45

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مئی۔2014ء) سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق چیرمین چوہدری ذکا اشرف کی بحالی کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے نجم سیٹھی کو ایک بار پھر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدے پر بحال کر دیا ہے۔سپریم کورٹ کے جسٹس ظہیر انور جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت کرتے ہوئے چوہدری ذکا اشرف کی بحالی کو معطل کرتے ہوئے ایک بار پھر نجم سیٹھی کو ان کے عہدے پر بحال کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے نجم سیٹھی کے دور میں کرکٹ کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں کو قانونی قرار دیتے ہوئے فریقین کو 27 مئی کے لئے نوٹسسز جاری کر دیئے ہیں۔بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو گا، چیرمین پی سی بی کی تقرری کا فیصلہ ایگزیکٹو معاملہ ہے اور یہ اختیار کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم نواز شریف کو حاصل ہے، عدالت کو ان معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 3 روز قبل ہی اسلام آباد ہائی کورٹ نے چوہدری ذکا اشرف کو ان کے عہدے پر بحال کرتے نجم سیٹھی کو برطرف جب کہ عبوری انتظامی کمیٹی کو معطل کر دیا تھا۔ نجم سیٹھی نے رواں ماہ ہی وقار یونس کو 2 سال کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ جب کہ اتنی ہی مدت کے لئے مشتاق احمد کو اسپن بالنگ کوچ اور گرانٹ فلاور کو بیٹنگ کوچ مقرر کیا تھا۔ادھرپی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے میوزیکل چیئرچلانے والوں کو آج واضح پیغام دے دیا۔

چیئرمین کا عہدہ انہوں نے شوق سے نہیں مشن پورا کرنے کے لئے قبول کیا بحالی کے فیصلے کے بعد نجم سیٹھی سپریم کورٹ سے باہر آئے تو صحافیوں کے تندوتیز سوالوں کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلا سوال میوزیکل چیئر سے متعلق تھا جس پر پی سی بی چیئرمین نے کہاکہ اب یہ کھیل ختم ہوجائے گا۔نجم سیٹھی نے کرکٹ بورڈ کی سربراہی کو اپنے لیے مشن قرار دیا اورکہا پی سی بی کے آئین کی تیاری اور الیکشن کے بعد وہ خود عہدہ چھورڈیں گے۔اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کے جواب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ کسی کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائے خالی الزامات نہ لگائیں۔ آج انصاف کے تقاضے پورے ہوگئے۔ ۔