امریکا میں باکسرعامر خان کو دوران ڈرائیونگ سیلفی لینے پر مقدمے کا سامنا،عامر خان کے ترجمان نے واقعے پر تبصرے سے انکار کردیا

بدھ 22 اپریل 2015 04:18

کیلیفورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 اپریل۔2015ء) سیلفی لینے کا شوق تیزی سے مقبول ہورہا ہے جس کے لیے ہر شخص موبائل ہاتھ میں تھامے ہر جگہ سیلفی لینے میں مگن ہوجاتا ہے لیکن کبھی کبھی سیلفی بھاری بھی پڑ جاتی ہیں اور ایسا ہی کچھ ہوا برطانوی نڑاد پاکستانی باکسر عامر خان کے ساتھ جنہیں دوران ڈرائیونگ سیلفی لینے پر مقدمے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

باکسر عامر خان ان دنوں باکسنگ مقابلے کے سلسلے میں امریکا میں موجود ہیں جہاں وہ سیر سپاٹے بھی کرنے میں مصروف ہیں تاہم اس سیر و تفریح کے دوران ہیعامر خان نے کیلی فورنیا میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے سیلفی فوٹو لی اور اسے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ کردیا جب کہ اس دوران وہ سڑک پرنصب سکیورٹی کی آنکھ سے نہ بچ پائے اور ان کیمروں نے عامر خان کی اس قانون کی خلاف ورزی کو نوٹ کرلیا جس کے بعد ان پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عامر خان کے ترجمان نے اس واقعے پر کسی قسم کے تبصرے سے انکار کردیا ہے۔کیلیفورنیا قانون کے مطابق ڈرائیونگ کے دوران فون کا استعمال ایک سنگین جرم ہے جس پر بھاری جرمانہ، لائیسینس پر پوائنٹس اور یہاں تک کہ ڈرائیونگ پر پابندی بھی عائد کی جاسکتی ہے۔واضح رہے کہ عامر خان اس سے قبل بھی ڈرائیونگ کے دوران تصاویر اور سیلفی پوسٹ کرتے رہے ہیں جو اکثر وبیشتر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر سامنے آتی رہتی ہیں۔ 8 سال قبل عامر خان کی کار سے ایک شخص بھی ٹکرا کر ہلاک ہوچکا ہے۔